گڈو اور سکھر بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب، عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے : شرجیل میمن
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک )سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ قدرتی آفات اور ہنگامی صورتحال میں عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہمہ وقت سرگرم ہے، قدرتی آفات میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
اپنے بیان میں شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ریلیف آپریشن کے دوران متاثرین کو نہ صرف محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے، متاثرین کے کھانے، پینے، علاج معالجے اور جانوروں کی دیکھ بھال کا بھی مکمل بندوبست کیا جا رہا ہے، سندھ حکومت عوام کو اکیلا نہیں چھوڑے گی اور ہر ضرورت کے وقت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کے تمام ادارے، ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں متاثرین کی مدد میں دن رات مصروف ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ جانیں اور املاک محفوظ بنائی جا سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں تباہی مچانےوالا سیلابی ریلہ سندھ میں داخل ، چند روز میں مٹیاری سے گزرے گا
ان کا کہنا تھا کہ گڈو اور سکھر پر اونچے درجے کا جبکہ کوٹری پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، گڈو پر پانی کی آمد 624,456 اور اخراج 594,936 کیوسک ہے، جبکہ سکھر پر آمد 560,890 اور اخراج 508,830 کیوسک ہے، اس کے علاوہ کوٹری پر پانی کی آمد 284,325 کیوسک اور اخراج 273,170 کیوسک ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3,522 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، اب تک محفوظ مقام پر منتقل ہونے والوں کی کل تعداد 1,73,027 ہوگئی ہے، ان میں سے 469 افراد اب بھی ریلیف کیمپس میں مقیم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں 183 فکسڈ اور موبائل ہیلتھ سائٹس کام کر رہی ہیں جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4,174 سے زائد مریضوں کا علاج کیا گیا، اب تک علاج معالجہ حاصل کرنے والوں کی مجموعی تعداد 92,958 تک پہنچ گئی ہے۔