خوراک تک مساوی، محفوظ اور سستی رسائی ہر انسان کا حق ہے: صدر آصف زرداری

Oct 16, 2025 | 10:10:AM
خوراک تک مساوی، محفوظ اور سستی رسائی ہر انسان کا حق ہے: صدر آصف زرداری
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ خوراک تک مساوی، محفوظ اور سستی رسائی ہر انسان کا حق ہے، غذائی تحفظ صرف حکومت کی نہیں بلکہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

اپنے پیغام میں صدرِ پاکستان نے کہا کہ دنیا 1979 سے 16 اکتوبر کو یومِ خوراک مناتی ہے، اس سال کا موضوع بہتر خوراک اور بہتر مستقبل کے لیے ہاتھوں میں ہاتھ تجویز کیا گیا ہے،صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں زراعت معیشت کی بنیاد اور کروڑوں افراد کی روزی کا ذریعہ ہے، موسمیاتی تبدیلی، سیلاب اور مہنگائی خوراک کی قلت میں اضافہ کر رہے ہیں، کئی خاندان آج بھی صحت مند غذا کا خرچ برداشت نہیں کر سکتے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بچوں میں غذائی کمی ایک تشویشناک چیلنج ہے، حکومت موسمیاتی لحاظ سے موزوں کاشت کاری کو فروغ دے رہی ہے، بہتر آبی و زمینی انتظام اور خوراک کی فراہمی کو مؤثر بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سیلاب زدگان کے ریلیف کے لیے اقدامات جاری ہیں، خوراک کے ضیاع کی روک تھام حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، زرعی پیداوار میں اضافہ اور کمزور طبقات کا تحفظ حکومت کی ترجیح ہے، ہمارا عزم ہے کہ کوئی بچہ بھوکا نہ سوئے، ہر گھر میں خوراک پہنچے۔