گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبائی کابینہ میں توسیع کی سمری منظور کرلی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبائی کابینہ میں توسیع کی سمری منظور کرلی،صوبائی حکومت کی جانب سے 6 نئے وزراء، 4 مشیروں اور 8 معاونینِ خصوصی کی تقرری کے حوالے سے سمری گورنر ہاؤس بھجوائی گئی تھی جس کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی۔
ذرائع کے مطابق نئے وزراء کی حلف برداری کی تقریب کل 17 مئی بروز اتوار گورنر ہاؤس میں منعقد ہوگی جہاں گورنر خیبرپختونخوا نومنتخب کابینہ اراکین سے حلف لیں گے۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے صوبائی کابینہ میںتوسیع کے حوالے سے 18 ناموں پر مشتمل سمری تیار کرلی تھی، مجوزہ فہرست میں 6 صوبائی وزراء، 4 مشیر اور 8 معاونین خصوصی شامل تھے۔
سیاسی حلقوں میں اس پیش رفت کو وزیراعلیٰ کی جانب سے حکومتی ٹیم کو مزید فعال اور متوازن بنانے کی کوشش قرار دیا جارہا ہے.
ذرائع کے مطابق صوبائی وزراء کی مجوزہ فہرست میں نذیر احمد عباسی، شکیل احمد، محمد عدنان قادری، محمد عارف، طارق محمود آریانی اور شفیع اللہ جان شامل ہیں، شفیع اللہ جان اس سے قبل بطور معاون خصوصی اطلاعات اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے تھے اور اب انہیں باقاعدہ وزارت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسی طرح وزیراعلیٰ کے مشیروں کیلئے پیر مصور خان، لیاقت علی خان، ہمایوں خان اور میاں محمد عمر کے نام تجویز کیے گئے ہیں۔ مجوزہ معاونین خصوصی میں طارق سعید، محمد عثمان، طفیل انجم، افتخار اللہ جان، سمیع اللہ خان، ملک عدیل اقبال، محمد خورشید اور محمد اسرار شامل ہیں۔ کابینہ میں شامل کیے جانے والے ان نئے ناموں کو پارٹی کے اندر مختلف علاقوں اور گروپس کی نمائندگی کے تناظر میں بھی اہم قرار دیا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: وزیراعلی مریم نواز شریف آذربائیجان کے دارالحکومت باکو پہنچ گئیں