سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو پبلک نہ کرنےپر امریکی ویزہ مسترد،طلباء میں تشویش

Jul 16, 2025 | 23:34:PM
سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو پبلک نہ کرنےپر امریکی ویزہ مسترد،طلباء میں تشویش
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) بھارت میں حیدرآباد کے رہائشی طالب علم کا امریکی ویزا اس کے Reddit اکاؤنٹ کی بنیاد پر مسترد کر دیا گیا، جس کے بعد امریکہ جانے کے خواہشمند کئی دیگر طلباء میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔ سخت پالیسیوں کو دیکھتے ہوئے طلبااب کسی اور ملک جانے کا سوچ رہیں ہیں۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ واقعہ اُس وقت منظر عام پر آیا جب متعلقہ طالب علم نے ویزا انٹرویو کی تفصیلات خود Reddit پر شیئر کیں۔ اس نے بتایا کہ F1 ویزا انٹرویو کے دوران ویزا افسر نے اس کے Reddit اکاؤنٹ پر سوالات اٹھائے اور انٹرویو کے اختتام پر اُسے 221(g) کا ایک پرچہ تھما دیا گیا، جس میں ہدایت دی گئی تھی کہ وہ اپنے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو عوامی (public) کرے تاکہ امریکی حکام ان کا جائزہ لے سکیں۔حال ہی میں امریکی محکمہ خارجہ نے واضح طور پر کہا ہے کہ ویزا کے لیے درخواست دینے والے افراد کو اپنے عوامی سوشل میڈیا اکاؤنٹس تک رسائی دینی ہوگی۔ اگر کسی کی سرگرمیوں میں حکومتِ امریکہ مخالف مواد پایا گیا یا اگر انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو پرائیویٹ رکھا تو ان کی درخواست مسترد کر دی جائے گی۔یہ پالیسی صرف Reddit تک محدود نہیں بلکہ تمام اہم سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر لاگو ہوتی ہے، جن میں X (سابق ٹوئٹر)، فیس بک، انسٹاگرام، لنکڈ اِن، یوٹیوب، اور دیگر شامل ہیں۔اس پالیسی کے بعد خاص طور پر حیدرآباد کے طلباء میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔ امریکی سفارت خانے کی جانب سے حالیہ انتباہ بھی طلباء کی تشویش کو بڑھا رہا ہے، جس میں کہا گیا کہ اگر کوئی طالب علم بغیر اطلاع دیے کورس چھوڑ دیتا ہے، کلاسز اٹینڈ نہیں کرتا یا اپنا تعلیمی پروگرام ترک کر دیتا ہے تو اُس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اس کے نتیجے میں کئی بھارتی طلباء اب امریکہ کی بجائے آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جرمنی یا برطانیہ کا رخ کرنے کا سوچ رہے ہیں۔ ایک طالب علم نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ وہ IELTS کی تیاری کر رہا تھا مگر امریکہ کی سخت پالیسیوں کو دیکھتے ہوئے اب کسی اور ملک کا سوچ رہا ہے۔ ایک اور طالب علم نے کہا کہ وہ پہلے ہی امریکہ کی جگہ آسٹریلیا کے لیے درخواست دینے کا فیصلہ کر چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شرما اور  کوہلی  کی ریٹائرمنٹ پر لگنے والےالزامات،بھارتی بورڈ نے پہلی بار وضاحت دیدی