آٹا، گھی اور چینی مہنگی۔۔اس حکومت کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔۔ شہباز شریف

Jul 16, 2021 | 20:06:PM
آٹا، گھی اور چینی مہنگی۔۔اس حکومت کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔۔ شہباز شریف

 (24نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے آٹے، گھی، چینی کی قیمت میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ16 جون کے بعد 3 بار پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مہنگائی کا یہ نیا بم گرایا گیا ہے ، یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی، گھی اور آٹے کی قیمت میں اضافہ اس بات کاثبوت ہے کہ حکومت کو ملک میں غریب اور نہ ہی غربت نظر آرہی ہے۔

 اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ170 روپے سے گھی 260 روپے، 20 کلو آٹا 820 سے 950 روپے ہونا موجودہ حکومت کی ناکامیوں کی تفصیل ہے ،یوٹیلیٹی سٹور پر 68 روپے سے چینی کی قیمت 85 روپے ہونا ثبوت ہے کہ ملک میں کوئی حکومت نہیں ، حکومت نے 85 روپے کلو چینی کرکے اپوزیشن کی تمام باتوں کو سچ ثابت کردیا ہے ،یوٹیلیٹی سٹورز سے بھی عوام اب آٹا، گھی اور چینی خریدنے کے قابل نہیں رہے ،میں نے بجٹ تقریر میں کہا تھا کہ بجٹ 2021 عوام کے ساتھ ایک دھوکہ اور فریب ہے،16 جون کو حکومت کے بجٹ پیش کرنے کے بعد سے ہر روزہر ہفتے مہنگائی بڑھ رہی ہے ۔

یہ بھی پڑھیں۔وزیر خزانہ کی زیر صدارت اجلاس۔۔ آٹا ،چینی اور گھی مہنگا کر دیا گیا

 انہوں نے کہا کہ مہنگائی عوام کو تباہ کررہی ہے، یہ ظلم ہے جس کا راستہ ہم پوری قوت سے روکیں گے ،مہنگائی کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر عوام کی آواز بنیں گے ،عوام سے جینے کا حق چھیننے والی حکومت کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں،غریب عوام اس مہنگائی میں کیسے گزارا کریں گے؟۔

یہ بھی پڑھیں۔ پٹرولیم مصنوعات کے بعد بجلی بھی مہنگی کرنے کا فیصلہ۔ایل پی جی کی قیمت میں پھر اضافہ