عالمی عدالت کےمطابق نتن یاہو مجرم اورٹرمپ اسے ہیرو بنا کر پیش کر رہے ہیں؛سلیم بخاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(فرخ احمد) سینئر صحافی و تجزیہ کار سلیم بخاری نے کہا ہے کہ عالمی عدالت کے مطابق نتن یاہو نسل کشی کا مجرم ہے اور اس کو فوری طور پر گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنا چاہیے لیکن امریکی صدر ٹرمپ ہیرو بنا کر پیش کر رہے ہیں،اس امن معاہدے نے نیتن یاہو کو اچانک مجرم سے ہیرو بنا دیا ہے۔
24 نیوز کے پروگرام’’سلیم بخاری شو ‘‘ میں مصر کے شہر شرم الشیخ میں منعقدہ غزہ امن سربراہی کانفرنس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر تجزیہ کار کا کہنا تھا اس معاہدہ کے مین کردار ہیں ان میں سے کسی کا کوئی اعتبار نہیں بشمول صدر ٹرمپ کے وہ بھی صبح دوپہر شام اپنی پوزیشن بدلنے کے ماسٹر ہیں اور جہاں تک نیتن یاہو کا تعلق ہے تو اس کی زندگی کا مقصد ہی فلسطینی مسلمانوں کو صفحہ ہستی سے مٹانا ہے،ان کا کہنا تھا کہ بہت تکلیف کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ ایک ایسا شخص جس کو عالمی عدالت انصاف نے ہماری عدالت نے نہیں فلسطین کی عدالت نے نہیں اور نہ کسی مسلمان ملک کی کسی عدالت نے نسل کشی کا مجرم ٹھرایا ہے۔
عالمی عدالت نے کہا کہ یہ مجرم ہے نسل کشی کااور کہا کہ اس کو فوری طور پر گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنا چاہیے جس کو صدر ٹرمپ ہیرو بنا کر پیش کر رہے ہیں،ایسے لگ رہا ہے کہ انسانیت کے قاتل نے کوئی بہت بڑا معرکہ سرانجام دیدیا ہے،نیتن یاہو اور ویسٹرن میڈیا یہ کہہ رہے ہیں کہ اب اس معاہدےکی منظوری اسرائیلی کابینہ دے گی،اندازہ کریں کے جو شخص نسل کشی اور غزہ کی تباہی کا مجرم ہے وہ اور اس کی کابینہ اس معاہدے کی منظوری دے گی،اس سے کیا نتیجہ کیا نکلا کہ کون جیتا ہےاگر دو سال کی نسل کشی کا اختتام ہو تو ظالم کو امن کے ہار تو نہیں پہنائے جا سکتے،سلیم بخاری نے ٹرمپ کے اسرائیلی پارلیمنٹ میں نیتن یاہو کی تعریفوں کے پل باندھنے پر بھی شدید اعتراض کیا۔
نیتن یاہو نے ’غزہ امن معاہدہ دستخط تقریب‘ میں شرکت کیوں نہیں کی؟
اس حوالے سے سلیم بخاری نے کہا کہ مصر میں ہونیوالی دستخطی تقریب میں اسرائیلی وزیراعظم کی ممکنہ شرکت پر احتجاجاً ترک صدر نے ایئرپورٹ پر اترنے سے انکار کردیا تھا،ترک صدر کا طیارہ شرم الشیخ ائیرپورٹ پر اترنے ہی والا تھا کہ اچانک دوبارہ فضا میں بلند ہونے لگا اور چکر لگانے لگا،اس دوران مصری حکام کو پیغام دیا گیا کہ اگر نیتن یاہو اجلاس میں شریک ہوئے تو ہم واپس چلے جائیں گے تاہم اس تصدیق کے بعد کہ آج کی تقریب میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو شریک نہیں ہیں،ترک صدر کے طیارے نے مصری ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے صدر ٹرمپ کی امن کے لیے غیر معمولی خدمات کو سراہنے پر اور ایک بار پھر امن کے لیے ان کی جنگ بندی کی کوششوں پر سلیم بخاری نے دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ شائد ہمارے وزیر اعظم سے زیادہ عقلمند ہیں جنہوں نے ان کو پیس پرائز نہیں دیا۔
پشاور ہائیکورٹ کا گورنر خیبرپختونخوا کو کل نومنتخب وزیراعلیٰ سے حلف لینے کا حکم؛
’پشاور ہائیکورٹ نے گورنر خیبرپختونخوا کو کل شام چار بجے تک نومنتخب وزیراعلیٰ سے حلف لینے کا حکم جاری کردیا اور کہا ہے کہ اگر گورنر دستیاب نہ ہوں تو اسپیکر حلف لیں‘
اس حوالے سے سوال کے جواب میں سلیم بخاری نے کہا کہ ا س غیر آئینی بات کی کسی بھی طرح حمایت نہیں کی جاسکتی کہ منتخب وزیر اعلیٰ سے حلف نہ لیا جائے یا بےجا رکاوٹیں کھڑی کی جائیں،انہوں نے بلاول بھٹو کے اس اقدام کی بھی تعریف کی جس میں انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ کا طیارہ دینے کا اعلان کیا۔
وزیر اعلیٰ کےپی انتخاب جلد بازی کیوں؟
سلیم بخاری نے اپنا تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ شاید تحریک انصاف کو اس بات کا خطرہ تھا کہ کہیں کوئی فارورڈ بلاک نہ وجود میں آجائے، انہوں نے کہا کہ ویسے بھی تحریک انصاف کا تو سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن کے فیصلوں کے بعد اسمبلیوں سے نام ہی ختم ہو چکا ہے اور اب یہ ممبران آزاد ہیں تو کونسی پارٹی اور کونسا فارورڈ بلاک۔
بندوق کے زور پر تشدد کرنے والا شخص ناراض نہیں بلکہ دہشت گرد ہے ؛
اس موضو ع پر بات کرتے ہوئےکہ ناراض بلوچ کی اصطلاح دہشت گردی کو جواز فراہم کرنے کے لیے متعارف کرائی گئی جو شخص بندوق کے زور پر تشدد کرے وہ ناراض نہیں بلکہ دہشت گرد ہے انہوں نے کہا کہ اس کا کوئی جواز نہیں ہے کہ جو بھی ناراض ہے وہ دہشت گردوں کا آلہ کار بن جائےاور وطن دشمنوں کے ساتھ مل کر ملک کو نقصان پہنچائے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حالات کی خرابی کے پیچھے بھارتی ایجنسی ’’را‘‘ کا واضح کردار ہے، علیحدگی پسند بھارت سے خوش ہیں مگر پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف فوج نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ جنگ ہے اور سیاست سے زیادہ اہم ریاست پاکستان ہے۔
یہ بھی پڑھیں ؛ وزیراعظم محمد شہباز شریف کا سفید چھڑی کے تحفظ کے عالمی دن پر پیغام