عمران خان کے اثاثوں میں بے پناہ اضافہ، وزیر اعظم شہباز شریف کے اثاثوں میں کمی، تفصیلات جاری کر دی گئیں

Jun 15, 2022 | 14:57:PM
وزیراعظم شہبازشریف،عمران خان،الیکشن کمیشن،بلاول بھٹو
کیپشن: سال 2021 کے اثاثوں کے مطابق عمران خان کے ذمہ کچھ واجب الادا نہیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24 نیوز) الیکشن کمیشن نے ارکان پارلیمنٹ کے سال 2021 کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دیں۔ جس کے مطابق عمران خان کے سال 2020 کی نسبت 2021 کے اثاثوں میں 6 کروڑ سے زائد کا اضافہ ہوا۔

 الیکشن کمیشن دستاویز کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان 14 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں، عمران خان کے سال 2020 میں اثاثوں کی کل مالیت 8 کروڑ سے زائد تھی، چیئرمین پی ٹی آئی پر سال 2020 میں 7 کروڑ سے زائد کا قرض تھا، سال 2020 میں قرض کی رقم شامل کر کے اثاثوں کی مالیت 15 کروڑ روپے سے زائد تھی۔

دستاویز کے مطابق سال 2021 کے اثاثوں کے مطابق عمران خان کے ذمہ کچھ واجب الادا نہیں، چیئرمین پی ٹی آئی نے گوشواروں میں زمان پارک، میانوالی اور بھکر میں وراثتی زمین ظاہر کیں۔ جبکہ بنی گالا گھر کو گفٹ ظاہر کیا ہے۔ عمران خان کے پاس گرینڈ حیات اسلام آباد ٹاور میں ایک فلیٹ 1 کروڑ 19 لاکھ کا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں:حکومت کا بڑا فیصلہ: پنجاب اسمبلی کے اختیارات کم کر دیئے

الیکشن کمیشن کی جانب سےجاری کردہ دستاویز کے مطابق عمران خان کا اندرون یا بیرون ملک کوئی کاروبار نہیں، ان کے پاس اپنی کوئی ذاتی گاڑی نہیں ہے، عمران خان کا بینک بیلنس 6 کروڑ 3 لاکھ سے زائد ہے، ان کے دو ڈالرز اکاونٹس میں 3 لاکھ 29 ہزار ڈالرز ہیں۔

 دستاویز کے مطابق عمران خان کے ذمہ سال 2020 میں 7 کروڑ روپے واجب الادا جبکہ سال 2021 میں کوئی قرض نہیں ہے۔ انہوں نے گزشتہ سال کا 7 کروڑ روپے قرض ادا کر دیا ہے، عمران خان نے اثاثوں میں 2 لاکھ روپے مالیت کی 4 بکریاں بھی ظاہر کی ہیں۔ چیرمین تحریک انصاف کے پاس 5 لاکھ مالیت کا فرنیچر ہے۔

 الیکشن کمیشن دستاویز کے مطابق عمران خان نے اپنی اہلیہ بشری بی بی کے اثاثوں کی تفصیلات بھی جمع کرائی، بشری بی بی کے پاس 431 کینال کی پاکپتن میں دو مختلف زمینیں ہیں، بشری بی بی بنی گالا اسلام آباد میں 3 کینال کے گھر کی مالک ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کے اثاثوں میں سال 2020 کی نسبت 2021 میں 3 لاکھ روپے کی کمی آٗئی۔ شہباز شریف 24 کروڑ 50 لاکھ سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔ شہباز شریف 14 کروڑ سے زائد کے مقروض، انہوں نے سلمان شہباز سے 6 کروڑ سے زائد کا قرض لے رکھا ہے۔ شہباز شریف کے پاس دو گاڑیاں، بینک بیلنس 2 کروڑ سے زائد کا ہے۔ وزیراعظم بیرون ملک 13 کروڑ 74 لاکھ روپے کے اثاثوں کے بھی مالک ہیں۔

 دستاویز کے مطابق شہباز شریف نے اپنی بیویوں نصرت شہباز اور تہمینہ درانی کے اثاثے بھی ڈکلئیر کر دیئے، نصرت شہباز 23 کروڑ روپے کے اثاثوں کی مالک ہیں، تہمینہ درانی کے اثاثوں کی ملکیت 57 لاکھ 60 ہزار ہے۔

 الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کر دہ دستاویز کے مطابق بلاول بھٹو 1 ارب 60 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں۔ ان کے ذمہ 3 لاکھ 34 ہزار واجب الادا ہیں۔ بلاول بھٹو نے بیرون ملک اپنے کاروبار بھی ظاہر کیے، بلاول بھٹو کا بینک بیلنس 12 کروڑ سے زائد کا ہے۔ آصف علی زرداری 71 کروڑ 42 لاکھ سے زائد اثاثوں کے مالک ہیں۔ آصف زرداری کا بیرون ملک کوئی کاروبار نہیں ہے۔