عمران خان کی کال پر تحریک کا آغاز ہو چکا،عروج پانچ اگست کو ہوگا: بیرسٹر گوہر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ عمران خان کی کال پر تحریک کا آغاز ہو چکا ہے اور اس کا عروج پانچ اگست کو ہوگا۔
سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی جانب سے پانچ اگست سے ملک گیر احتجاج اور بعد ازاں اس معاملے پر خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے بیان کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ جب ان سے علی امین گنڈاپور کے اس بیان کے بارے میں سوال کیا گیا کہ ’90 دن کے اندر یا تو ہم عمران خان کو رہا کروائیں گے یا سیاست چھوڑ دیں گے، تو بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا نے روٹین کی بات کی تھی کہ 90 دن میں کچھ نہ کچھ ہو جائے گا، آر ہو گا یا پار ہو گا۔
صحافی کے سوال پر کہ پی ٹی آئی پنجاب کی آرگنائزر عالیہ حمزہ کے بیانات پارٹی کے اندر اختلافات کی جانب اشارہ کرتے ہیں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک بہت بڑی سیاسی جماعت ہے اور بڑی جماعتوں میں ایسا ہوتا ہے، بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اپنے فیصلے خود کرتی ہے، کسی سے ڈکٹیشن نہیں لیتی۔
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا کا دفاع کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور ،خان صاحب کے کھلاڑی ہیں اور ان ہی کہ کہنے پر وہ پارٹی اور حکومت کے امور بھی چلا رہے ہیں۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال پر حکومت کا شدید رد عمل ایک سیاسی بیان بازی ہے جو حکومت میں ہوتا ہے، وہ اس طرح کی بیانات دیتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کوئی گوریلا فورس تو نہیں ہے کہ آکر حملہ آور ہو جائیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی ایک سیاسی جماعت ہیں۔
سینیٹ الیکشن سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے جتنے بھی نام ہیں، وہ عمران خان نے فائنل کیے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی سینیٹ کی نشستوں سے متعلق فہرست لگتا ہے کہ جعلی ہے، بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ان کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی تو اس معاملے پر مزید بات چیت ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں :سونا 700 روپے سستا ہو کر 3 لاکھ 59 ہزار روپے فی تولہ ہوگیا