ویلنٹائن ڈے پر جیکولین فرنینڈس کو لگژری ہیلی کاپٹر کا تحفہ مل گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)منی لانڈرنگ کیس میں قید بھارتی شہری سوکیش چندر شیکھر نے ویلنٹائن ڈے پر اداکارہ جیکولین فرنینڈس کو 30 کروڑ روپے مالیت کا لگژری ہیلی کاپٹر تحفے میں دینے کا دعویٰ کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوکیش چندر شیکھر اس وقت 200 کروڑ روپے کے منی لانڈرنگ کیس میں جیل میں قید ہیں، تاہم انہوں نے جیل سے جیکولین فرنینڈس کو ایک محبت نامہ لکھا جس میں مہنگے تحفے کا ذکر کیا گیا،انہوں نے خط میں اداکارہ کو ’’بے بی بوما‘‘ کہہ کر مخاطب کیا اور اپنے مبینہ تعلق کا دوبارہ اظہار کیا۔
سوکیش نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے جیکولین فرنینڈس کیلئے ایئربس ایچ سیریز کا ایک لگژری ہیلی کاپٹر خریدا ہے جس کی مالیت تقریباً 30 کروڑ روپے ہے، جبکہ اس ہیلی کاپٹر کو اداکارہ کے نام کے ابتدائی حروف "JF" کے ساتھ خصوصی طور پر ڈیزائن بھی کیا گیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ یہ قیمتی تحفہ ان کی ذاتی کمائی سے خریدا گیا ہے اور اس کا مقصد اداکارہ کو شوٹنگ کے لیے دور دراز مقامات تک آسان سفر کی سہولت فراہم کرنا ہے۔
خط میں سوکیش نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ جیل کی سلاخوں کے باعث وہ اداکارہ سے دور ہیں لیکن ان کی محبت میں کوئی کمی نہیں آئی، یہ تحفہ ان کی محبت کی علامت ہے اور وہ ہر مشکل کے باوجود جیکولین کو یاد کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:شاہ رخ خان کی اہلیہ کا لگژری ریزورٹ؛ایک رات قیام کاکرایہ کتنا ؟
رپورٹس کے مطابق یہ پہلا موقع نہیں کہ سوکیش چندر شیکھر نے اداکارہ کو مہنگے تحائف دینے کا دعویٰ کیا ہو، اس سے قبل بھی وہ جیکولین فرنینڈس کو قیمتی تحائف اور جائیداد دینے کے دعوے کر چکے ہیں، تاہم اداکارہ کی جانب سے اس تازہ خط یا مبینہ تحفے پر تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
اداکارہ کی 40 ویں سالگرہ کے موقع پر سوکیش چندر شیکھر نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے اسے 25 کروڑ روپے اور 50،000 میٹا شیئرز دیے ہیں۔