مولانا فضل الرحمان 6 روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے،اہم ملاقاتیں طے

May 14, 2026 | 09:30:AM
 مولانا فضل الرحمان 6 روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے،اہم ملاقاتیں طے
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(خورشید رحمانی)جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان 6 روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے۔

ترجمان اسلم غوری کے مطابق ایئرپورٹ پر علامہ راشد سومرو، قاری عثمان اور دیگر رہنماؤں نے مولانا فضل الرحمان کا استقبال کیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ مولانا آج منگھوپیر روڈ پر منعقد ہونے والی ’’وحدتِ امت کانفرنس‘‘ سے خطاب کریں گے۔

اسلم غوری کے مطابق جے یو آئی (ف) کے سربراہ دورۂ کراچی کے دوران پیر صاحب پگارا اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے، انھوں نے بتایا کہ مولانا فضل الرحمان کراچی میں ’’میٹ دی پریس‘‘ سے بھی خطاب کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:مہنگائی میں اضافے کا خدشہ، آئی ایم ایف کی نئی شرائط سامنے آگئیں

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں مولانا فضل الرحمان حکومت کی معاشی پالیسیوں، مہنگائی اور پارلیمانی طرزِ عمل پر مسلسل تنقید کرتے دکھائی دے رہے ہیں، قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے انھوں نے  کہا کہ ملک میں مہنگائی کا طوفان آ چکا ہے، مگر پارلیمنٹ میں اس اہم مسئلے پر سنجیدہ بحث نہیں ہو رہی۔ 
ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز بند ہونے سے دنیا پر کوئی بڑا اثر نہیں پڑ رہا، لیکن پاکستان میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں، جس سے عام آدمی شدید مشکلات کا شکار ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے حکومت کی معاشی ٹیم کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ عوام مہنگائی، بے یقینی اور معاشی دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں، جب کہ حکمران زمینی حقائق سے لاتعلق نظر آتے ہیں، انھوں نے الزام عائد کیا کہ پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی آواز دبائی جا رہی ہے اور اپوزیشن ارکان کی تقاریر عوام تک براہِ راست نہیں پہنچنے دی جاتیں، جب کہ حکومتی اراکین کو مکمل کوریج دی جاتی ہے۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے حکومت کے پارلیمانی رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ میں حکومت اور اپوزیشن دونوں برابر کی حیثیت رکھتے ہیں اور اپوزیشن کو اپنی بات عوام تک پہنچانے کا مکمل حق حاصل ہے، انھوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ 18 ویں ترمیم کو غیر مؤثر بنانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں اور حکومت اہم قومی معاملات پر ان کیمرہ اجلاس سے بھی گریز کر رہی ہے۔