علی ظفر  کی کینیڈا کے شہر مسی ساگا میں تاریخی ہجوم کے سامنے زبردست پرفارمنس

Jun 14, 2026 | 23:45:PM
علی ظفر  کی کینیڈا کے شہر مسی ساگا میں تاریخی ہجوم کے سامنے زبردست پرفارمنس
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (زین مدنی) پاکستان کے سپر اسٹار گلوکار علی ظفر نے ہفتہ کی شب کینیڈا کے شہر مسی ساگا کے سیلیبریشن اسکوائر میں ایک ریکارڈ ساز ہجوم کے سامنے پرفارم کیا، جہاں اندازاً 45 ہزار افراد نے شرکت کی۔

 منتظمین کے مطابق شرکاء کی تعداد اتنی زیادہ تھی کہ ہجوم سیلیبریشن اسکوائر سے باہر نکل کر اطراف کے علاقوں تک پھیل گیا،اضافی رش کے باعث ڈیوک آف یارک بلیوارڈ اور قریبی لیونگ آرٹس سینٹر کے بعض حصے بھی بند کرنا پڑے۔ منتظمین نے اسے سیلیبریشن اسکوائر کی تاریخ کا سب سے بڑا کنسرٹ قرار دیا۔ یہ شاندار شو علی ظفر کے شمالی امریکا میں جاری "روشنی ٹور 2026" کی اختتامی تقریب تھا۔
یہ مفت اور اوپن ایئر کنسرٹ گریٹر ٹورنٹو ایریا میں جنوبی ایشیائی کمیونٹی کے متنوع اور کثیر النسلی اجتماع کی ایک منفرد مثال بن گیا۔ بچوں، نوجوانوں، خاندانوں، پیشہ ور افراد اور بزرگوں سمیت پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور دیگر جنوبی ایشیائی برادریوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ خاندانوں، طلبہ اور کمیونٹی گروپس نے اسکوائر اور اردگرد کی سڑکوں کو بھر دیا اور پوری رات موسیقی پر جھومتے رہے۔
علی ظفر نے تقریباً دو گھنٹے تک پرفارم کرتے ہوئے شو کا آغاز اپنے مقبول گیت "رنگین" سے کیا اور بیس سے زائد گانوں پر مشتمل طویل سیٹ لسٹ پیش کی۔ ان کے نئے البم "روشنی" کے گیتوں، جن میں "روشنی"، "ماما سیتا" اور "رخسانہ" شامل ہیں، کو پہلی بار براہِ راست پیش کیا گیا۔ اس کے بعد انہوں نے اپنے مشہور ترین گیت "چنوں"، "مستی" اور "چل دل میرے" سمیت متعدد بالی ووڈ اور علاقائی ہٹ گانے بھی سنائے۔