ایران ، اسرائیل کشید گی:سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بے نتیجہ

Jun 14, 2025 | 10:50:AM
 ایران ، اسرائیل کشید گی:سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بے نتیجہ
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز )اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ پر بلایا گیا ہنگامی اجلاس کسی واضح نتیجے کے بغیر ختم ہوگیا، امریکا، ایران اور دیگر ممالک کے نمائندوں نے اپنی پوزیشن واضح کی تاہم عالمی ادارہ کوئی متفقہ لائحہ عمل اختیار کرنے میں ناکام رہا۔

 اسرائیل نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے: ایران

ایرانی مندوب عامر سعید نے سلامتی کونسل میں اسرائیلی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے ایران کی خودمختاری پر حملہ کر کے جنیوا کنونشن اور عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی کی ہے، اسرائیل خطے میں مسلسل اشتعال انگیزی پھیلا کر امن کو سبوتاژ کر رہا ہے۔

سلامتی کونسل کے اجلاس میں ایران کی طرف سے واضح کیا گیا کہ اگر اقوام متحدہ نے اسرائیل کو نہ روکا تو مشرق وسطیٰ ایک نہ ختم ہونے والی جنگ کی دلدل میں دھنس جائے گا۔

اسرائیل نے ریڈ لائن عبور کر لی: چین

سلامتی کونسل کے اجلاس میں چینی مستقل مندوب فو کانگ نے اسرائیل کے ایران پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملے ایران کی سلامتی خودمختاری کی خلاف ورزی ہیں اور چین کو اسرائیلی پر خطر حملوں کے حوالے سے گہری تشویش ہے، کیونکہ ان حملوں کے نتائج اسرائیل کو بھی بھگتنا ہوگا۔

چینی مستقل مندوب نے زور دیتے ہوئے کہا ہے کشیدگی میں اضافہ کسی فریق کے حق میں نہیں جاتا، ہم مطالبہ کرتے ہیں اسرائیل خطرات سے بھرے اس فوجی ایکشن کو فوری بند کرے اور مزید کشیدگی کو بڑھانے سے گریز کیا جائے۔

چینی سفیر نے کہا کہ اسرائیل نے ایران کی ایٹمی تنصیبات کو نشانہ بنا کر ایک اور ریڈ لائن عبور کر لی، دونوں ممالک کے درمیان جنگ کو مزید پھیلنے سے روکنا ہو گا، اسرائیلی اقدامات خطرناک نتائج کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتے ہیں، ایران کی خودمختاری اور سلامتی پر اسرائیلی حملہ عالمی امن کے لیے خطرہ ہے۔

اسرائیل کے حملوں کا کوئی جواز نہیں: روس

سلامتی کونسل میں روس کے ایلچی نے بھی کہا ہے کہ ایران پر اسرائیل کے حملوں کا کوئی جواز نہیں، اشتعال انگیزی کی حمایت نہیں کی جا سکتی،جنگ کسی کے مفاد میں نہیں۔

روسی ایلچی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جارحانہ اقدامات کو قبول کرنا عالمی امن کے لے سنگین خطرہ ہے، عالمی برادری اشتعال انگیزی کے ساتھ کھڑی نہیں ہو سکتی، کشیدگی کم کرنے کیلئے روس سفارتی کوششوں کی حمایت کرے گا۔

اقوام متحدہ کی ایرانی جوہری تنصیبات پر حملوں کی مذمت

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ایران کے جوہری تنصیبات پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے دونوں ممالک سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ ایرانی جوہری تنصیبات پر حملے نہایت تشویشناک ہیں، یہ حملے مشرق وسطیٰ کو ایک اور تباہ کن جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ خطہ مزید تصادم کا متحمل نہیں ہو سکتا، اسرائیل اور ایران فوری طور پر تصادم سے گریز کریں اور سفارتکاری کو موقع دیں۔