پاک فوج کے 12 جوانوں کی نماز جنازہ ادا، وزیراعظم، فیلڈ مارشل کی شرکت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)خیبرپختونخوا میں پاک فوج کے بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں شہید ہونے والے 12 جوانوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ہے۔
نماز جنازہ میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، شہدا کے اہل خانہ سمیت اعلیٰ حکام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں بھارتی اسپانسرڈ 35 فتنۃ الخوارج دہشت گرد ہلاک جبکہ 12 جوان شہید ہوگئے تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 10 سے 13 ستمبر کے دوران خیبرپختونخوا میں 2 مختلف کارروائیوں کے دوران بھارت کے پراکسی نیٹ ورک فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 35 دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز نے ضلع باجوڑ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا اور اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 22 بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج ہلاک کر دیے گئے۔
دوسری کارروائی ضلع جنوبی وزیرستان میں کی گئی، جہاں مزید 13 دہشت گرد مارے گئے، تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران پاک سرزمین کے 12 بہادر سپوت مادرِ وطن پر قربان ہو گئے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔ یہ دہشت گرد ان علاقوں میں متعدد تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے۔
انٹیلی جنس رپورٹس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان دہشت گرد کارروائیوں میں افغان شہری براہِ راست ملوث تھے اور افغان سرزمین کا پاکستان کے خلاف استعمال ہونا بدستور تشویشناک معاملہ ہے۔
پاکستان عبوری افغان حکومت سے توقع رکھتا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔
فورسز کی جانب سے علاقے کو کلیئر کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، پاک فوج نے اس عزم کو دہرایا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اُکھاڑ پھینکا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :اسرائیل اپنا دائرہ وسیع کرتا جا رہا، اب ذمے داری مسلم اُمہ پر آگئی ہے:خواجہ آصف