جج کی گاڑی جلانے کا کیس،شاہ محمود قریشی بری،ڈاکٹر یاسمین اورعمر چیمہ48برس قید،تفصیلی فیصلہ جاری

خدیجہ شاہ سمیت 14 مجرموں کی گرفتاری کا حکم،ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چودھری کو مجموعی طور پر 48 برس قید کی سزائیں

Sep 13, 2025 | 19:16:PM
جج کی گاڑی جلانے کا کیس،شاہ محمود قریشی بری،ڈاکٹر یاسمین اورعمر چیمہ48برس قید،تفصیلی فیصلہ جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(جمال الدین جمالی)انسداد دہشت گردی عدالت نے مال روڈ پر سپریم کورٹ کے جج کی گاڑی جلانے کے کیس میں پی ٹی آئی رہنمائوں سمیت دیگر ملزمان کی سزائوں کا 125 صفحات کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔شاہ محمود قریشی سمیت 21 ملزموں کو بری  اور  ڈاکٹر یاسمین راشد اور عمر سرفراز چیمہ سمیت 18 ملزموں کو سزائیں سنائیں گئیں۔

تفصیلات کے مطابق عدالت نے صنم جاوید، محمد صدیق، طیب علی، سید فیصل اختر اور ظریف خان کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ،عدالت نے سزا کے روز پیش نہ ہونے پر خدیجہ شاہ سمیت 14 مجرموں کی گرفتاری کا حکم دے دیا،عدالت نے شاہ محمود قریشی کو بری کر دیا۔ فیصلہ میں لکھا گیا ہے کہ شاہ محمود کا کیس مختلف ہے، اس نے ثابت کیا کہ وہ موقع پر موجود نہیں تھے، وقوعہ کے روز شاہ محمود ملتان سے کراچی گئے جس کےشواہد پیش کئے گئے، عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چودھری کو مجموعی طور پر 48 برس قید کی سزائیں سنائیں۔عدالت نے مختلف دفعات کے تحت مجرموں کو سزائیں سنائیں،مجرموں کو ڈیڑھ ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا، مجرموں کو تمام سزائیں ایک ساتھ کاٹنی ہوں گی، جرمانوں کی عدم ادائیگی پر مزید قید کی سزا بھی کاٹنی ہو گی،عدالت نے شاہ محمود قریشی سمیت 21 ملزموں کو بری کیا۔عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد اور عمر سرفراز چیمہ سمیت 18 ملزموں کو سزائیں سنائیں۔

 فیصلہ میں مزید لکھا گیا ہے کہ بانی کی  گرفتاری کے بعد  پی ٹی آئی سوشل میڈیا پر احتجاج کے لیے اکسایا ، ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت تمام ملزموں نے ٹارگٹ کے حصول کے لیے پوری کوشش کی ، کوئی شک نہیں پی ٹی آئی کے کارکن بانی چیرمین کی ہدایت کو مقدس سمجھتے ہیں ، پی ٹی آئی کے کارکن بانی چیرمین کو ریڈ لائن  اورروحانی شخصیت گردانتے ہیں ، ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت تمام مجرم بانی چیرمین کی ہدایات سے انحراف نہیں کر سکتے ۔ 

یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد میں ڈینگی کا اٹیک تیز ، 25 نئے ڈینگی کیسز رپورٹ