مخصوص نشستوں کا معاملہ، سنی اتحاد کونسل کے وکیل نے تیاری کیلئے وقت مانگ لیا

Mar 13, 2024 | 10:30:AM
مخصوص نشستوں کا معاملہ، سنی اتحاد کونسل کے وکیل نے تیاری کیلئے وقت مانگ لیا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) پشاور ہائیکورٹ میں سنی اتحاد کونسل کی خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کیلئے دائر درخواستوں پر سماعت ,جسٹس اشتیاق ابراہیم کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ کیس کی سماعت کررہاہے، بنچ میں جسٹس اعجاز انور،جسٹس عتیق شاہ، جسٹس شکیل احمد اور جسٹس سید ارشد علی شامل ہیں۔

سنی اتحاد کونسل کی جانب سے قاضی انور، اعظم سواتی عدالت میں پیش ہوئے جبکہ پیپلز پارٹی کے نیر بخاری، فیصل کریم کنڈی اور ایچ فاروق نائیک عدالت میں پیش ہوئے ہیں،سنی اتحاد کونسل کے وکیل قاضی انور ایڈووکیٹ کےدلائل جاری ہیں ، وکیل قاضی انور نے کہا کہ پی ٹی آئی کو نشان نہ ملنے کے باعث تمام امیدواروں نے آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن میں حصہ لیا ، جس میں زیادہ تر نے الیکشن جیتا ، الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق آزاد امیدواروں نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیارکی ۔ 

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا سنی اتحاد کونسل کا کوئی ممبر الیکشن جیت چکا ہے؟ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے بھی تو بطور آزاد امیدوار الیکشن میں حصہ لیا، مخصوص نشستوں کی لسٹ کب جمع کی گئی؟،وکیل قاضی انور ایڈووکیٹ نے اپنے دلائل میں کہا کہ خیبرپختونخوا، پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں سنی اتحاد کونسل کی کئی مخصوص نشستیں بنتی ہیں، کیا آئین میں ایسا کوئی آپشن ہے کہ ایک پارٹی کی مخصوص نشستیں دیگرپارٹیوں میں تقسیم کی جائیں، جس پرعدالت نے کہا کہ الیکشن کمیشن مخصوص نشستوں کو نمائندگی دینے کیلئے کوئی فیصلہ کرے گا نا ؟ اگر کسی جماعت کو مخصوص نشستیں نہ دی جائیں تو ایسے تو یہ خالی رہ جائیں گی؟

دوران سماعت عدالت نے علی ظفر اور بابر اعوان کی عدم موجودگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں لاکھوں کیسز دیکھنے پڑ رہے ہیں، ایسا نہیں کرنا چاہئے، ہم دوبارہ دوبارہ آپ کیلئے نہیں بیٹھ سکتے،وکیل پی ٹی آئی نے عدالت کے استفسار پر جواب دیا کہ علی ظفر اڈیالہ جیل گئے ہیں، جس پر عدالت نے کہا کہ وہ نہیں آرہے تو آپ ہی دلائل دیں۔

سنی اتحاد کونسل کے وکیل قاضی انورایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ درخواست علی ظفر نے دائر کی مجھے وقت دیا جائے کہ دلائل تیارکرلوں، مجھے کہا گیا تھا کہ ہم آرہے ہیں آج نہیں آئے۔

عدالت نے کہا کہ نہ درخواست دی گئی سماعت ملتوی کرنے کی اور نہ ہی کوئی اور خبر، آج ایک ہی لارجر بنچ تشکیل دی گیا ہے، یہ تو عوام کے ساتھ زیادتی ہے، جس پر قاضی انور نے عدالت سے استدعا کی کہ کیس کل سنا جائے، جس پر عدالت نے کہا کہ نہیں ایسا نہیں ہوسکتا ہے کہ کل کیس کو سنیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پشاور ہائیکورٹ میں سنی اتحاد کونسل کی خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے لئے دائر درخواستیں  سماعت کے لئے مقرر ہوئی تھیں،گزشتہ سماعت پر لارجر بینچ نے اٹارنی جنرل آف پاکستان اور ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے معاونت کے لئے طلب کیا ہے، عدالت نے چھ آئینی سوالات اٹھائے ہیں۔

عدالت نے آئینی سوالات پر اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل سے معاونت طلب کررکھی ہے۔