لاہور ایئر پورٹ کے اطراف کے علاقے ’’نو برڈ زون‘‘ قرار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)مسافر طیاروں کی حفاظت کیلئے لاہور ایئر پورٹ کے اطراف کے علاقوں کو نو برڈ زون قرار دے دیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر لاہور ایئرپورٹ کے گردونواح میں پرندوں کی موجودگی کو محدود کرنے کے لیے ایک جامع اور فیصلہ کن گرینڈ آپریشن شروع کردیا گیا ہے جس کا مقصد طیاروں کی ٹیک آف، لینڈنگ اور نچلی پرواز کے دوران پرندوں سے ٹکراؤ کے خطرے کو کم کرنا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے لاہور کی ضلعی انتظامیہ، محکمہ وائلڈ لائف اور انوائرئمنٹ پروٹیکشن اتھارٹی کو فوری متحرک کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں جبکہ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کو پنجاب کی پہلی وائلڈ لائف فورس کو متحرک کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔
پنجاب حکومت کے نوٹیفیکیشن کے مطابق لاہور کے مشرقی بائی پاس، مناواں، پی کے ایل آئی، چونگی امر سدھو، اچھرہ اور چاہ میراں سمیت متعدد علاقوں کو’’نو برڈ زون‘‘ قرار دے دیا گیا ہے،ان علاقوں میں فضائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ’رنگ فینسنگ‘ یعنی فضائی حفاظتی حصار بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ہوائی اڈوں کے قریب واقع غیر قانونی مذبح خانوں،پولٹری فارمز اور بیکریوں کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کیا جا رہا ہے۔
ان اداروں کو ماحولیاتی ضوابط کے بغیر کام کرنے کی اجازت نہیں ہوگی،چمڑا رنگنے اور اس سے اشیاء بنانے والے یونٹس پر بھی ماحولیاتی قوانین کا سخت اطلاق ہوگا جبکہ کھلے عام جانوروں کی کھالیں دھونے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:نئے اور جدید ڈیزائن کے کرنسی نوٹوں پر سٹیٹ بینک کا اہم بیان جاری
نوٹیفیکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ہوائی اڈوں کے قرب و جوار میں ایسا کوئی کاروبار یا سرگرمی قابلِ قبول نہیں ہوگی جس سے پرندے جمع ہونے کا خطرہ ہو، کوڑا کرکٹ کھلے میں پھینکنے پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے ڈھکن والے کوڑے دانوں کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے،اس کے علاوہ گھروں کی چھتوں پر دانہ ڈالنے، بڑی تعداد میں کبوتر پالنے یا اڑانے، درباروں یا عوامی مقامات پر پرندوں کو خوراک ڈالنے جیسے عوامل پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے تاکہ پرندوں کے جھنڈ بننے سے بچا جا سکے۔
پنجاب وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ نے فوری طور پر وائلڈ لائف رینجرز کو کارروائی شروع کرنے کا حکم دے دیا ہے، خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افراد کے خلاف پنجاب وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔