سرحدوں پر حملہ دراصل پاکستان کے قومی وقار اور خودمختاری پر حملہ ہے:شرجیل میمن
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے افغانستان کی جانب سےبلااشتعال فائرنگ اور جارحیت کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور پاک فوج کو مؤثر جواب دینے پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاک فوج نے دشمن کو جس جرات، مہارت اور عزم کے ساتھ جواب دیا ہے، وہ پوری قوم کے لیے فخر کا باعث ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان کی سرحدوں پر حملہ دراصل ہمارے قومی وقار اور خودمختاری پر حملہ ہے۔
سینئر وزیر سندھ نے کہا کہ بنیان مرصوص اس بات کی گواہی ہے کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کا جواب بھرپور طاقت سے دینا جانتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وطن کے سپاہی ہماری شان، فخر اور سلامتی کی ضمانت ہیں، ان کے حوصلے بلند ہیں، پوری قوم اُن کے ساتھ ایک چٹان کی طرح کھڑی ہے،پاکستان امن کا خواہاں ہے مگر امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
یہ بھی پڑھیں:رانا ثناء اللہ کی تمام سیاسی جماعتوں کو میثاق پاکستان کیلئے سر جوڑ کر بیٹھنے کی دعوت
شرجیل میمن نے کہا کہ اگر کسی نے پاکستان کی سالمیت یا شہریوں کے تحفظ کو چیلنج کیا تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا، پاکستان نے ہمیشہ خیرسگالی اور برادرانہ تعلقات کی حمایت کی ہے، مگر قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔