دھرمیندر کی طبیعت اب کیسی ہے؟اہلخانہ اورڈاکٹرکابیان سامنے آگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار دھرمیندر کو ممبئی کے بریچ کینڈی ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 89 سالہ اداکار کوآج بدھ کی صبح ممبئی کے ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ، تاہم ان کا علاج اب گھر پر جاری رہے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کی صبح ایک ایمبولینس کو ہسپتال سے اداکار کے گھر جاتے ہوئے دیکھا گیا،دھرمیندر کا علاج کرنے والے ڈاکٹر نے اس حوالے سے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دھرمیندر کو صبح تقریباً ساڑھے 7 بجے ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا ،اہل خانہ کے فیصلے کے مطابق اب دھرمیندر کا مزید علاج گھر پر جاری رہے گا۔
دھرمیندر کا علاج کرنے والے ڈاکٹر کے بعد اہل خانہ نے بھی اس حوالے سے بیان جاری کر دیا ہے،
ان کا کہنا ہے کہ دھرمیندر کو ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے اور اب وہ اپنی صحت یابی کا عمل گھر پر جاری رکھیں گے، ہم میڈیا اور عوام سے مؤدبانہ درخواست کرتے ہیں کہ کسی قسم کے اندازوں یا افواہوں سے گریز کریں اور اس وقت ان اور ان کے خاندان کی پرائیویسی کا احترام کریں، ہم سب آپ کے پیار، دعاؤں اور نیک خواہشات کے بے حد شکر گزار ہیں، براہِ کرم ان کا احترام کریں کیونکہ وہ آپ سب سے محبت کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز مختلف میڈیا آؤٹ لیٹس کی جانب سے اداکار کی موت کی جھوٹی خبریں شائع کی گئی تھیں جس پر ردعمل دیتے ہوئے دھرمیندر کی بیٹی ایشا دیول اور اہلیہ ہیما مالنی نے ایک بیان جاری کیا تھا۔
واضح رہے کہ مبینہ طور پر بھارتی اداکار دھرمیندر کو 31 اکتوبر کو سانس لینے میں تکلیف کی شکایت کے باعث ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا،میڈیا ذرائع کے مطابق دھرمیندر کو 10 نومبر سے وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا اور ان کی حالت نہایت نازک بتائی جا رہی تھی، تاہم اب ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد گھر پر ہی زیر علاج ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار پریم چوپڑا طبیعت بگڑنے پر ہسپتال منتقل
دھرمیندر بھارتی سینما کے لیجنڈری اداکاروں میں سے ایک ہیں، انہوں نے شعلے، دھرم ویر، چپکے چپکے، میرا گاؤں میرا دیش اور ڈریم گرل جیسی یادگار فلموں میں اداکاری کے جوہردکھائے ہیں،انہیں حال ہی میں فلم’’ تیری باتوں میں ایسا الجھا جیا ‘‘میں شاہد کپور اور کریتی سینن کے ساتھ بھی دیکھا گیا جبکہ ان کی نئی فلم ’’اکیس‘‘ 25 دسمبر کو ریلیز ہونے والی ہے، جس میں وہ امیتابھ بچن کے نواسے آگستیہ نندا کے ساتھ نظر آئیں گے۔