رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں معاشی استحکام مزید مضبوط ہوا، سٹیٹ بینک رپورٹ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(اشرف خان) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے رواں مالی سال کی پہلی ششماہی یعنی جولائی سے دسمبر 2025 تک معیشت کی کیفیت پر رپورٹ جاری کردی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اس عرصے کے دوران معاشی استحکام مزید پائیدار ہوا ہے۔
سٹیٹ بینک کے مطابق مقامی سیلاب اور عالمی تجارتی بے یقینی کے باوجود ملکی معیشت نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ نے میکرواکنامک منظرنامے کو نئے خطرات سے دوچار کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مشرق وسطیٰ کی صورتحال رسدی مہنگائی، بیرونی تجارت اور ترسیلات زر کے بہاؤ پر اثرانداز ہوسکتی ہے، اس کے باوجود پہلی ششماہی میں صارف اشاریہ قیمت کے بڑھنے میں مزید نرمی دیکھی گئی۔
سٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ معاشی استحکام سے نمو کی رفتار بڑھانے میں مدد ملی اور حقیقی جی ڈی پی میں گزشتہ برس کی اسی مدت کے مقابلے میں دگنی رفتار سے نمو ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صنعت، خدمات اور زراعت کے شعبے اس دگنی رفتار سے ترقی میں بڑے حصہ دار رہے جبکہ معاشی سرگرمیوں میں تیزی کی ایک بڑی وجہ درآمدی حجم میں اضافہ بھی قرار دیا گیا ہے۔
سٹیٹ بینک کے مطابق ورکرز ترسیلات زر تجارت، خدمات اور آمدن خسارے کا بڑا حصہ پورا کررہی ہیں جبکہ اوسط مہنگائی 5.2 فیصد رہی،رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سودی ادائیگیوں میں خاصی کمی ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ میں زور دیا گیا ہے کہ مجموعی معاشی بہتری اور پائیدار نمو کے لیے جامع معاشی اصلاحات ناگزیر ہیں۔
سٹیٹ بینک کی رپورٹ میں موسمیاتی تبدیلی کے پاکستانی معیشت پر اثرات کے عنوان سے ایک خصوصی رپورٹ بھی شامل کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : وزیر خزانہ سے ٹیکسٹائل سیکٹر نمائندوں کی ملاقات کی، بجٹ پر تفصیلی مشاورت