سینٹ:ایک اور خفیہ کیمرہ۔۔ سیکرٹ ڈیوائس بھی برآمد۔۔ ویڈیو دیکھیے !

Mar 12, 2021 | 13:40:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما سینیٹر مصدق ملک  پولنگ بوتھ سے نکلنے والی خفیہ ڈیوائس بھی  منظر عام پر لے آئے۔جس کی ویڈیو بھی جاری کردی گئی ہے۔فوٹیج میں پولنگ بوتھ کے قریب مختلف جگہوں پر مشکوک چیزوں کو دیکھا جاسکتا ہے۔

چیئرمین سینٹ کے الیکشن سےپہلے نیا پھڈا ۔پولنگ والی جگہ پرخفیہ کیمروں نے انتخاب کو متنازعہ بنا دیا۔ اپوزیشن ارکان نے کیمرے کی تصویریں ٹویٹر پر بھی شیئر کر دیں۔ مصدق ملک کا اپنے ٹویٹر پیغام میں کہنا تھا کہ پولنگ بوتھ سے خفیہ کیمرے ایسے نکل رہے ہیں جیسے بچوں کے سر سے جوئیں۔

سینیٹر مصدق ملک نے پولنگ بوتھ کے مختلف مشکوک حصوں  کو دکھاتے ہوئے  کہا کہ  اس بوتھ کا پیکج کل سوا ایک بجے کے قریب الیکشن کمیشن کی طرف سے آیا تھا۔مصدق ملک کے پوچھنے پر سینٹ عملے کے اہلکار کا بتانا تھا کہ جب اس بوتھ کو سیٹ کیا گیا تو اس میں کوئی چیز نہیں لگی ہوئی تھی۔

سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رہنما مسلم لیگ ن سینٹ کے عملے سے پوچھ رہے ہیں کہ بوتھ کتنے بجے آیا تھا جس پر وہ بتاتے ہیں کہ کل سوا ایک بجے کے قریب اس بوتھ کو فکس کیا گیا تھا جس کا باقاعدہ لیٹر بھی موجود ہے۔

مصدق ملک نے بوتھ کے اندر سے نکلنے والی ڈیوائس دکھاتے ہوئے بتایا کہ یہ ڈیوائس  مائیک ہے ،ٹیپ ریکارڈر  یا پھر ٹرانسمیشن ؟  میں نہیں جانتا۔

 واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے سینیٹر مصدق ملک اور پیپلز پارٹی کے سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کی جانب سے پولنگ بوتھ میں خفیہ کیمروں کی نشاندہی کی گئی تھی جس کے بعد اپوزیشن نے احتجاجاً  پولنگ بوتھ ہی اکھاڑ ڈالا تھا۔