وفاقی بجٹ پر اتفاق قومی کامیابی ہے: بلاول بھٹو زرداری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 ںیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی متعدد خواہشات تھیں اور مالی معاونت کے لیے صوبوں سے بھی مطالبات کیے گئے، تاہم حالیہ مذاکرات کے دوران یہ طے پایا ہے کہ آئندہ صرف طے شدہ حصے ہی طلب کیے جائیں گے اور صوبوں کو مزید کسی اضافی مالی دباؤ کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
انہوں نے اس پیش رفت کو ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت، پیپلزپارٹی اور تمام متعلقہ فریقین نے مل کر اس نتیجے تک پہنچنے میں کردار ادا کیا ہے۔ بلاول بھٹو نے پارٹی مذاکراتی ٹیم اور خاص طور پر وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ نیک نیتی کے ساتھ معاملات کو آگے بڑھایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قومی مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے سیاسی جماعتیں مشترکہ طور پر ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہی ہیں اور اس عمل میں تمام صوبے بھی شریک ہیں، جسے وہ خوش آئند قرار دیتے ہیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اس وقت ملک کے مختلف علاقوں میں اہم پیشرفت ہو رہی ہے، تاہم سب سے زیادہ تشویش کشمیر کی صورتحال پر ہے جہاں اندرونی اور بیرونی سطح پر پیچیدہ چیلنجز موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور دنیا بھر میں کشمیری عوام اس صورتحال پر گہری تشویش رکھتے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ خطے میں مختلف سطحوں پر پاکستان کے خلاف سرگرمیاں جاری ہیں، جن میں بھارت اور اسرائیل کے مبینہ گٹھ جوڑ کا ذکر بھی کیا گیا، جبکہ افغانستان اور بلوچستان کے تناظر میں بھی خدشات موجود ہیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ریاستی معاملات میں حکومتوں کو ذاتی پسند و ناپسند سے بالاتر ہو کر قومی مفاد کو ترجیح دینا چاہیے، اور کوئی بھی حکومت قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دے سکتی، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ سیاسی مسائل کے سیاسی حل پر یقین رکھا ہے اور یہ کوششیں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔
کشمیر کی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے سابق ادوار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں سیاسی مداخلت اور غیر سیاسی حکومتوں کے باعث مسائل پیدا ہوئے، جن کے اثرات آج بھی محسوس کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بعض ادوار میں پیپلزپارٹی کو اس کے آئینی اور سیاسی حق سے محروم رکھا گیا، گزشتہ چند مہینوں میں پیدا ہونے والے خلا کو پیپلزپارٹی نے مؤثر انداز میں پُر کیا ہے اور تنظیمی و سیاسی سطح پر بہتری لانے کی کوشش کی گئی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو مناسب سیاسی اسپیس دینا ضروری ہے، کیونکہ جب یہ مواقع محدود کیے جاتے ہیں تو غیر سیاسی عناصر خلا پر قابض ہو جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :وفاقی بجٹ میں سندھ کی سڑکوں کیلئے کون سی رقوم مختص ہوئیں؟