معاشی استحکام کی بدولت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں کامیاب ہوئے:وزیراعظم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی بجٹ کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کا بے پایاں شکر ادا کرتے ہیں، جس کے فضل و کرم اور قوم کی دعاؤں سے ملک نے معاشی استحکام حاصل کیا اور اسی استحکام کی بدولت حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ پاکستان کے ہر شہری کے شکر گزار ہیں جس نے مشکل ترین معاشی حالات میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا، مشکلات کا سامنا کیا اور ملک کے معاشی استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ عوام سے کیا گیا وعدہ تھا کہ معاشی استحکام حاصل ہونے کے بعد اس کے ثمرات براہِ راست عام آدمی تک پہنچائے جائیں گے، اور اب خوشحالی کے سفر کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔ ان کے مطابق مشکل دور کے بعد وہ بہتری اور ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے جس کی قوم حقیقی معنوں میں مستحق ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ بجٹ عوامی فلاح، معاشی ترقی اور ریلیف کا بجٹ ہے، اس میں تنخواہ دار طبقے پر بوجھ کم کرنے، برآمدات بڑھانے، صنعتوں کے فروغ، زرعی ترقی، سرمایہ کاری میں اضافے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، بجٹ کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ معیشت کی مضبوطی کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچیں اور معاشرے کا ہر طبقہ ترقی کے اس عمل میں شریک ہو۔
وزیراعظم نے اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر ، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی انتھک محنت، پیشہ ورانہ صلاحیت اور جذبے نے عوامی ریلیف کو ممکن بنایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم اپنا گھر پروگرام، ٹیکس ریلیف، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع، متوسط طبقے پر بوجھ میں کمی اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے حکومت نے مؤثر اور ٹھوس اقدامات کیے ہیں۔
شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ترقی کا یہ سفر پوری رفتار سے جاری رہے گا اور حکومت عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدام کرتی رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں :وفاقی بجٹ میں سندھ کی سڑکوں کیلئے کون سی رقوم مختص ہوئیں؟