احمد آباد میں طیارہ حادثے میں ہلاک ہونیوالوں کی تعداد315ہو گئی

Jun 12, 2025 | 13:54:PM
احمد آباد میں طیارہ حادثے میں ہلاک ہونیوالوں کی تعداد315ہو گئی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)بھارت کے  شہر احمد آباد میں طیارے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد315ہو گئی ۔فضائی حادثے میں معجزاتی طورپر2مسافر زندہ بچ گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حادثے میں طیارے میں موجود 241افراد ہلاک ہوئے جبکہ ہاسٹل پر طیارے کے گرنے سے 75 افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔جائے حادثہ سے تقریباً 204 لاشیں نکالی جا چکی ہیں ۔پاکستان سمیت دیگر ممالک کے رہنماؤں کی جانب سے اس طیارے حادثے پر افسوس اور صدمے کا اظہار کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست گجرات کے شہر احمد آباد کے ائیرپورٹ کے قریب ائیر انڈیا کا مسافر بردار طیارہ گرگیا جس میں عملےکے 12 ارکان سمیت 242 مسافر سوار تھے، حادثےکا شکار طیارے میں گجرات کے سابق وزیراعلیٰ روپانی بھی سوار تھے۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ حادثےکا شکار طیارے میں 169 بھارتی شہری، 53 برطانوی، ایک کینیڈین اور 7 پرتگالی شہریوں سمیت 11 بچے بھی موجود تھے۔

رپورٹس کے مطابق  ائیر انڈیا کا طیارہ احمد آباد ائیرپورٹ سے  لندن جارہا تھا کہ ٹیک آف کرنے کے چند  سیکنڈ بعد ہی گرکر تباہ ہوگیا۔

ائیر انڈیا کی پرواز اے آئی 171 احمد آباد ائیرپورٹ سے روانگی کے وقت 322 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے محض 625 فٹ اوپر اڑ سکی اور پھر ٹیکنیکل طور پر گرکر تباہ  ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں:  پنجاب  بجٹ،بڑا ریلیف، تنخواہ دار طبقے  کو بھی ’’ایڈوانس خوشخبری‘‘ مل گئی

بھارتی میڈیا کے مطابق طیارہ آبادی پر گرکر تباہ ہوا اور حادثے میں متعدد ہلاکتوں کا بھی خدشہ  ہے،طیارہ حادثے کے بعد جائے حادثہ کی ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں جس میں دھواں اٹھتا دیکھا جاسکتا ہے۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ حادثہ بھارتی وقت کے مطابق 1 سے 2 بجے کے درمیان پیش آیا اور  حادثے کے بعد احمد آباد ائیر پورٹ پر فلائٹ آپریشن بند کردیا گیا ہے جبکہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ 

فلائٹ ریڈار کے مطابق اڑان بھرنےکے بعد ایک منٹ سے بھی کم وقت میں625 فٹ کی بلندی پر طیارے سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔

بھارتی ڈی جی سول ایوی ایشن کا کہنا ہےکہ طیارہ گرنے سے قبل ایک بج کر39 منٹ پرکیپٹن نے مے ڈے کی کال دی۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ حادثے کا شکار بوئنگ 787  طیارہ 11 سال پرانا تھا۔