واٹس ایپ کا ویو ونس فیچر  پہلے سے زیادہ بہتر

Dec 12, 2022 | 18:59:PM
فائل فوٹو
کیپشن: واٹس ایپ کا ویو ونس فیچر  پہلے سے زیادہ بہتر
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک )واٹس ایپ نے اگست 2021 میں تصاویر اور ویڈیوز کی پرائیویسی اور ایپ کی میموری کو بچانے کیلئے 'ویو ونس' کا فیچر متعارف کرایا تھا۔اس فیچر کے تحت بھیجی جانیوالی تصویر یا ویڈیو ایک بار کھلنے کے بعد چیٹ سے مکمل طور پر غائب ہوجاتی ہے۔مگر اب اس کو بہتر بنایا جارہا ہے اور ٹیکسٹ میسجز کو بھی اس فیچر کا حصہ بنایا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق میٹا کی زیرملکیت میسجنگ ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی سائٹ کے مطابق اینڈرائیڈ ایپ کے نئے بیٹا ورژن میں اس فیچر کو بہتر بنانے کا عندیہ دیا گیا ہے۔اس فیچر سے صارفین ایسے تحریری پیغامات بھیج سکیں گے جو ایک بار پڑھنے کے بعد خودبخود غائب ہوجائیں گے۔اس فیچر سے صارفین کو حساس معلومات جیسے پاس ورڈ یا کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات وغیرہ شیئر کرنے کا موقع ملے گا اور لیک ہونے کا خطرہ بھی نہیں ہوگا۔درحقیقت جب ویو ونس فیچر متعارف کرایا گیا تھا تو کمپنی نے کہا تھا کہ اس فیچر کو وائی فائی لاگ ان تفصیلات یا دیگر حساس تفصیلات کی تصاویر شیئر کرنے کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔

واٹس ایپ میں پہلے ہی ڈس اپیئرنگ میسجز کا فیچر موجود ہے جس میں ٹیکسٹ میسج مخصوص وقت کے بعد غائب ہوجاتا ہے۔مگر ویو ونس کا نیا فیچر مکمل چیٹ کی بجائے کسی ایک مخصوص میسج کے لیے استعمال کیا جاسکے گا جو ایک بار دیکھے جانے کے بعد غائب ہوجائے گا۔جب یہ فیچر صارفین کو دستیاب ہوگا تو ایپ میں سینڈ بٹن کے ساتھ ایک تالے کا آئیکون نظر آئے گا۔مگر فی الحال اس فیچر پر کام کیا جارہا ہے اور بیٹا ورژن کے صارفین کو بھی دستیاب نہیں، تو ہوسکتا ہے کہ مزید کچھ تبدیلیاں کی جائیں۔

خیال رہے کہ اس وقت واٹس ایپ میں ویو ونس کے تحت بھیجی جانے والی تصاویر اور ویڈیوز کے اسکرین شاٹ لینا ممکن نہیں، مگر ابھی واضح نہیں کہ ٹیکسٹ میسجز کو بھی یہ سکیورٹی فراہم کی جائے گی یا نہیں۔