سینٹ الیکشن کے آفٹر شاکس۔۔تحریک انصاف نے 2ارکان اسمبلی کو پارٹی سے نکال دیا

Mar 11, 2021 | 12:59:PM
سینٹ الیکشن کے آفٹر شاکس۔۔تحریک انصاف نے 2ارکان اسمبلی کو پارٹی سے نکال دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) سینیٹ انتخابات میں پارٹی پالیسی سے انحراف کرنے پر تحریک انصاف نے  اپنے رکن سندھ اسمبلی اسلم ابڑو اور شہریار شر کو پارٹی سے نکال دیا۔ پی ٹی آئی نے دونوں کے خلاف الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا ہے۔ 

تحریک انصاف کی قائمہ کمیٹی برائے نظم و احتساب غربی سندھ، کراچی نے متفقہ فیصلہ جاری کر دیا، جس میں کہا گیا کہ سینٹ انتخابات میں اسلم ابڑو اور شہریار شر نے جماعتی احکامات سے روگردانی کی، فیصلے کے مطابق پی ٹی آئی نے  تحقیقات کے بعد پارٹی حکمت عملی سے روگردانی پر سندھ کے ارکان اسمبلی کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے پی ایس 1 جیکب آباد سے اسلم ابڑو، پی ایس 18 گھوٹکی سے شہریار خان شر کو پارٹی سے فارغ کر دیا۔ سندھ سے تعلق رکھنے والی دونوں اراکین صوبائی اسمبلی کی بنیادی پارٹی رکنیت بھی ختم کر دی گئی۔

پی ٹی آئی نظم و احتساب کمیٹی کے مطابق دونوں ارکان سندھ اسمبلی کو اپنی صفائی پیش کرنے کا موقع دیا گیا، واضح اور حتمی شواہد کی پڑتال اور ملزموں  کی جانب سے صفائی پیش نہ کئے جانے پر معاملہ نمٹا رہے ہیں، اسلم ابڑو اور شہریار شر کی بنیادی رکنیت ختم کر کے دونوں کو فوری جماعت سے نکالا جائے، الیکشن کمیشن میں  دونوں ارکان سے اسمبلی رکنیت واپس لینے  کیلئے درخواست بھی دائر کی جائے گی۔