امارات سے واپس آنے والوں کو تمام املاک واپس دلائیں گے، پاکستانی وزارت خارجہ

Jun 11, 2026 | 20:58:PM
 امارات سے واپس آنے والوں کو تمام املاک واپس دلائیں گے، پاکستانی وزارت خارجہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(انور عباس)پاکستان کی وزارت خارجہ نے بتایا ہے کہ متحدہ عرب امارات سے  نکالے گئے پاکستانیوں کے پیچھے رہ جانے والے اثاثوں اور املاک کو واپس حاصل کیا جائے گا۔

آج اسلام آباد میں وزارت خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے بتایا کہ  متحدہ عرب امارات سے واپس آنے والے کسی پاکستانی کے  اثاثے یا املاک وہاں رہ گئے ہوں تو وہ وزارتِ خارجہ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ ایسے افراد کے مسائل کا ازالہ کیا جائے گا۔

 طاہر حسین اندرابی نے وزارتِ خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ واپس آنے والے جس کسی شخص کے اثاثے یا املاک وہاں(متحدہ عرب امارات) رہ گئے ہوں، وہ ہم سے رابطہ کر سکتا ہے۔ ان  کو مناسب معاونت فراہم کی جائے گی۔

طاہر اندرابی نے بتایا کہ ہم زور دیتے ہیں کہ متحدہ عرب امارات سے واپس بھیجے گئے متاثرہ پاکستانیوں کی تعداد تقریباً 3000 سے 4000 کے درمیان ہے۔ ہم اس سلسلے میں پانچ یا چھ ہندسوں پر مشتمل مبالغہ آمیز اعداد و شمار کو مسترد کرتے ہیں متحدہ عرب امارات (UAE) کی حکومت اور وہاں موجود پاکستانی سفارت خانہ و قونصل خانے اس معاملے میں سرگرم عمل ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: پاسداران انقلاب نے آبنائے ہرمز  ایک بار پھر بند کر دی 

 متحدہ عرب امارات میں ایک مؤثر انتظامی اور عدالتی نظام موجود ہے اور ہم متحدہ عرب امارات کے موثر انتظامی و عدالتی نطام کی مضبوطی اور ادارہ جاتی ساکھ کو مکمل طور پر تسلیم کرتے ہیں۔ طاہر اندرابی نے مزید کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ ابوظہبی کے حکام کسی بھی فرد کے نجی اثاثے اپنے پاس رکھنے کا ارادہ نہیں رکھتے ۔ اس معاملے میں کسی ابہام یا الجھن کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔

 طاہر حسین اندرابی کا کہنا تھا کہ یہ  معاملہ وہاں تعینات پاکستانی سفارتی مشنز کی ترجیحات میں شامل ہے ان کے پاس کمیونٹی ویلفیئر کے خصوصی شعبے بھی موجود ہیں ہمارے سفیر، قونصل جنرلز اور دیگر افسران اس عمل میں مسلسل مصروف اور متحرک ہیں۔