بہاولپور انسٹیٹیوٹ آف سانئس اینڈ ٹیکنالوجی کو پنجاب حکومت کی طرف سے زمین دینے کا فیصلہ

Jul 11, 2023 | 17:12:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(راؤ دلشاد) نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی کی قیادت میں نگران صوبائی کابینہ نے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے ملاقات کی جس میں بہاولپور، جنوبی پنجاب اور متعدد معاملات زیر بحث آئے۔

اس موقع پر گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں سکولوں سے باہر بچوں کو انرول کیا جائے اور پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کو دوبارہ بہتر انداز میں متحرک کیا جائے۔ اس کے علاوہ ہوم اکنامکس کالج بہاولپور جو 2018ء سے آپریشنل ہونے کے مراحل میں ہے کو  فوری طور پر مکمل کرکے چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اسی طرح بہاولپور انسٹیٹیوٹ آف سانئس اینڈ ٹیکنالوجی کو پنجاب حکومت کی طرف سے زمین دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ بی ایچ یو اور ڈسپنسریوں کو بڑے ہسپتالوں سے منسلک کرنے کے فیصلے کو واپس لے کر بہتر انداز سے چلانے کیلئے حکمت عملی بنائی جائی گی۔ اس کے ساتھ ساتھ ملتان میں آنکھ کے جدید ترین ہسپتال کو ایک ماہ کے اندر مکمل کرکے آپریشنل کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔

یہ بھی پڑھیے: نگران حکومت نےچھ ہسپتالوں کیلئے دو ارب تیس کروڑروپے جاری کردیئے

گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ نگران وزیراعلیٰ پنجاپ کی صحت کے شعبے میں بہتری لانے کیلئے خصوصی کاوشیں قابل تعریف ہیں لیکن بہتری کی گنجائش ہمیشہ رہتی ہے یہ عمل رکنا نہیں چاہیئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتالوں میں صفائی کی صورتحال بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی نے اس موقع پر کہا ’یہ خوش آئند بات ہے کہ صوبائی حکومتیں اور تمام ادارے ایک پیج پر ہیں اور پوری کوشش ہے کہ مختصر مدت میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دے سکیں۔

اس موقع پر نگران صوبائی وزراء عامر میر، سید اظفر علی ناصر، منصور قادر، ڈاکٹر جاوید اکرم، ڈاکٹر جمال ناصر، بلال افضل، وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے قانونی امور کنور دلشاد اور وزیر برائے کھیل وہاب ریاض بھی موجود تھے۔