ایران نے امریکی ہیلی کاپٹر گرائے جانے کا الزام مسترد کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)ایران نے امریکی ہیلی کاپٹر کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ واقعہ دانستہ کارروائی نہیں تھا۔
ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی کے مطابق امریکی ہیلی کاپٹر کو ایرانی فورسز نے نشانہ نہیں بنایا بلکہ ایک ایرانی ڈرون حادثاتی طور پر اس سے ٹکرا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں کشیدہ صورتحال کے باعث اس نوعیت کے غیر ارادی واقعات پیش آ سکتے ہیں۔
دوسری جانب ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے امریکی حملوں کے جواب میں جوابی کارروائیوں کے دعوے سامنے آئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق بحرین میں امریکی ففتھ فلیٹ کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا، جبکہ روسی میڈیا نے ایک امریکی ایم کیو-9 ڈرون کی تباہی کا دعویٰ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ہیلی کاپٹرگرانےکاالزام، امریکا کےایران پرحملے ، جزیرہ قشم ،جسک ، کوہ مبارک اورسیرک پر بم برسادئیے
رپورٹس کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے اردن میں واقع ایک امریکی فوجی اڈے پر بھی میزائل حملہ کیا۔ ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ امریکی حملوں کا بھرپور جواب دیا جائے گا اور ایران اپنے دفاع کے حق سے دستبردار نہیں ہوگا۔
ادھر ایرانی میڈیا نے ان اطلاعات کی تردید کی ہے جن میں تہران، میناب اور بندرعباس میں نقصان کی خبریں گردش کر رہی تھیں، ایرانی ذرائع کے مطابق افواہوں کے برعکس مذکورہ علاقوں میں کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔