مالی سال 26-2025 کا سالانہ پلان  سامنے آگیا ، بجٹ میں کس کو کتنا دیا جائے گا؟

Jun 10, 2025 | 12:19:PM
مالی سال 26-2025 کا سالانہ پلان  سامنے آگیا ، بجٹ میں کس کو کتنا دیا جائے گا؟
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( 24 نیوز )آئندہ مالی سال 26-2025 کے لیے سالانہ پلان اور ترقیاتی بجٹ کی تفصیلات  سامنے آگئیں۔ بجٹ دستاویز کے مطابق معیشت کو بحال کرنے، ترقیاتی منصوبوں کی رفتار بڑھانے اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کنٹرول کرنے کے لیے متعدد اہم اہداف مقرر کیے گئے ہیں۔

دستاویز کے مطابق آئندہ مالی سال کے دوران جی ڈی پی گروتھ کا ہدف 4.2 فیصد مقرر کیا گیا ہے جبکہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کا منفی 0.5 فیصد رکھا گیا ہے، اس خسارے کا مالیاتی تخمینہ 2.1 ارب ڈالر لگایا گیا ہے، برآمدات کا ہدف 35 ارب 30 کروڑ ڈالر مقرر کیا گیا ہے تاکہ درآمدات پر انحصار کم ہو اور زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہوں۔

دستاویز کے مطابق آئندہ مالی سال کے لیے 4,223 ارب روپے سے زائد مالیت کے ترقیاتی منصوبے شامل کیے گئے ہیں، جن میں وفاق اور صوبوں کے علیحدہ علیحدہ پروگرام شامل ہیں۔

 وفاقی ترقیاتی بجٹ کا حجم 1,000 ارب روپے رکھا گیا ہے اور صوبوں کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے 2,869 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں: ہونڈا کا "سِوک ٹائپ آر" بند کرنے کا اعلان

بجٹ میں وزارتوں اور ڈویژنوں کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 682 ارب روپے اورحکومتی اداروں کے لیے 35 کروڑ روپے سے زائد کی رقم رکھی گئی ہے۔

اسی طرح نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو 226 ارب 98 کروڑ روپے اور پاور ڈویژن کو 90 ارب 22 کروڑ روپے جبکہ آبی وسائل ڈویژن کو 133 ارب 42 کروڑ روپے دیے جائیں گے۔

 بجٹ میں اراکین پارلیمنٹ کی ترقیاتی اسکیمز کے لیے 70 ارب 38 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ صوبوں اور اسپیشل ایریاز کے لیے 253 ارب 23 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں اور ضم اضلاع کے لیے 65 ارب 44 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔

وفاقی وزارت تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ کو 18 ارب 58 کروڑ روپے دیے جائیں گےاور آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے لیے 82 ارب روپے کی رقم رکھی گئی ہے۔

 بجٹ میں دفاعی ڈویژن کے لیے 11 ارب 55 کروڑ روپے جبکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے لیے 39 ارب 48 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔