امیر الدین میڈیکل کالج،لاہور جنرل ہسپتال میں ’’لیڈرشپ ان ہیلتھ کیئر‘‘ ورکشاپ
ڈاکٹروں کو صرف معالج نہیں قائد بھی بننا ہوگا، ہیلتھ کیئر سسٹم موثر طریقہ پر چلانے کیلئے لیڈر شپ ضروری :پرنسپل پروفیسر فاروق افضل
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)امیر الدین میڈیکل کالج اورلاہور جنرل ہسپتال میں ’’لیڈرشپ ان ہیلتھ کیئر‘‘ ورکشاپ کاانعقادکیاگیا۔
امیر الدین میڈیکل کالج اورلاہورجنرل ہسپتال کے شعبہ میڈیکل ایجوکیشن کے زیر اہتمام فیکلٹی ڈیویلپمنٹ پروگرام 2026 کے تحت منعقدہ ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا بنیادی مقصد فیکلٹی ممبران کو صرف بہترین معالج ہی نہیں بلکہ مؤثر قائد بھی بنانا تھا تاکہ وہ اداروں کی ترقی، طبی تعلیم، تحقیق اور مریضوں کی اعلیٰ ترین دیکھ بھال میں فعال اور مثالی کردار ادا کر سکیں۔
پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد فاروق افضل نےاس موقع پرخطاب کرتے ہوئے کہا کہ طبی تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں میں حقیقی انقلاب جدید مشینری یا عمارتوں سے نہیں بلکہ مضبوط، بصیرت افروز اور ٹرانسفارمیشنل لیڈرشپ سے آئے گا، ہسپتال چلانے سے بڑا چیلنج ہیلتھ کیئر سسٹم میں ایسے قابل اور با صلاحیت اساتذہ اور معالج پیدا کرنا ہے جو لیڈر شپ کی خوبیاں رکھتے ہوں اور نوجوان ڈاکٹرز میں پروفیشنلز م کو پروموٹ کر سکیں۔
پروفیسر فاروق افضل کا کہنا تھا کہ ہیلتھ کیئر سیکٹر میں لیڈرشپ کا مفہوم محض انتظامی امور چلانا نہیں بلکہ ٹیموں میں حوصلہ پیدا کرنا ،نئی سوچ کو فروغ دینا اور ایسا ماحول تشکیل دینا ہے جہاں تعلیم و تحقیق اور مریضوں کی بہترین دیکھ بھال کو مساوی اہمیت حاصل ہو، عالمی معیار کا ہیلتھ کیئر سسٹم تبھی ممکن ہے جب ڈاکٹروں کو بہترین معالج کے ساتھ ساتھ بہترین قائد بھی بنایا جائے۔
میڈیکل ایجوکیشن کے ممتاز ماہرین پروفیسر ڈاکٹر سمیر ریاض قاضی اور پروفیسر مہوش عروج نے مختلف سیشنز میں شرکاء کو ہیلتھ کیئر سیکٹر کی جدید لیڈرشپ حکمتِ عملیوں، مؤثر ابلاغ، ٹیم ورک، تنازعات کے حل اور ہسپتال کے پُرفشار ماحول میں بروقت فیصلہ سازی کے عملی گر سکھائے۔پروفیسر ڈاکٹر سمیر ریاض قاضی اور پروفیسر مہوش عروج نے کہاکہ لیڈرشپ کوئی عہدہ نہیں بلکہ ایک طرزِ عمل ہے، اس کیلئے وسیع نظر، دیانت داری اور ہمدردی بنیادی اوصاف ہیں، ٹرانسفارمیشنل لیڈرشپ ہی طبی ماہرین کو جدید چیلنجز سے نمٹنے اور نظام میں پائیدار بہتری لانے کی کلید ہے۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور ہائیکورٹ نے شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم کالعدم قرار دیدیا
پروگرام کی چیف آرگنائزر پروفیسر آمنہ احسن چیمہ نے کہا کہ فیکلٹی ڈیولپمنٹ پروگرام کا مقصد اساتذہ کو بااختیار بنا کر طبی تعلیم کے روشن مستقبل کو یقینی بنانا ہے،ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم اظہار کیا کہ وہ یہاں حاصل کردہ علم اور اصولوں کو اپنے متعلقہ شعبوں میں عملی جامہ پہنائیں گے، تعلیمی معیار کو مزید بلند کریں گے اور ہسپتالوں میں مریضوں کی دیکھ بھال کو زیادہ بہتر اور مثالی بنائیں گے۔اس موقع پر ایم ایس پروفیسر فریاد حسین، فیکلٹی ممبران، ڈاکٹر سائرہ ذیشان سمیت دیگر ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔