ق لیگ کا مستقبل کیا ؟ پرویز الہی کا چودھری شجاعت سے متعلق بڑا بیان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ چودھری شجاعت سے احترام اور محبت کا تعلق ہے جو مرتے دم تک قائم رہے گا۔ سیاسی وفاداریاں بدلنے والوں کو شکست فاش ہوگی۔
مسلم لیگ ق کے صدر شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبیت پرویزالٰہی نے نماز عیدالاضحی گجرات میں ادا کی، وجاہت حسین، مونس الٰہی اور حسین الٰہی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ چودھری صاحبان نے نماز کے اجتماع میں ملک و ملت کی سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا ئیں کیں۔
یہ بھی پڑھیں:ن لیگ کو بڑا جھٹکا، اہم شخصیت پی ٹی آئی میں شامل
سپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالٰہی نے نماز عید کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن ہمیں قربانی کا درس دیتا ہے، ملک کے حالات بھی قوم سے قربانی کے متقاضی ہیں، قوم کو نااہل حکمرانوں سے نجات کیلئے 17 جولائی کو بلے کو ووٹ دینا ہوگا۔ ”تجربہ کاروں“ کی نالائقیاں ملک کی معیشت کو تباہی کے دہانے پر لے آئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی وفاداریاں بدلنے والوں کو شکست فاش ہوگی، پی ٹی آئی ضمنی انتخابات میں بھاری اکثریت سے جیتے گی۔ شریفوں کے اس قوم کو غلام بنانے کے خواب ضمنی انتخابات میں چکنا چور ہوجائیں گے۔ شریف برادران ہمیشہ انتخابات میں دھونس، دھاندلی اور حکومتی مشینری کو مخالفین کے خلاف استعمال کر کے جیتتے رہے ہیں۔
پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے ورکرز اور امیدواروں کو اپنے ووٹ پر پہرہ دینا ہوگا، سپریم کورٹ پنجاب حکومت کی جانب سے ضمنی انتخابات والے حلقوں میں ترقیاتی کاموں اور ضابطہ اخلاق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کا نوٹس لے۔
انہوں نے کہا کہ شریف برادران نے کبھی عدالتوں کے فیصلوں کا احترام نہیں کیا، شجاعت حسین سے احترام اور محبت کا جو تعلق ہے انشاء اللہ مرتے دم تک قائم رہے گا۔