آج کا پکوان: سپیشل مٹن مصالحہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)مٹن مصالحہ بنانے کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
درکار اجزا: بکرے کا گوشت ایک کلو، نمک حسب ِ ذائقہ، ادرک لہسن کا پیسٹ ۲؍ بڑے چمچے، لال مرچ پسی ہوئی ایک بڑا چمچہ، ہلدی ایک چھوٹا چمچہ، ثابت دھنیا ایک بڑا چمچہ، سفید زیرہ ایک بڑا چمچہ، پیاز ایک عدد (درمیانی)، دہی آدھی پیالی، ٹماٹر ۴؍ سے ۵؍ عدد، ثابت لال مرچ ۳؍ سے ۴؍ عدد، تیل حسب ِ ضرورت۔
بنانے کا طریقہ: اس ڈش کو بنانے کے لئے سب سے زیادہ چانپیں مناسب رہتی ہیں اس لئے چانپ کا انتخاب کریں۔
سب سے پہلے چانپوں کو صاف دھو کر چھلنی میں رکھ کر خشک کرلیں۔
پھر انہیں ہلکا ہلکا کچل لیں، دھنیا اور زیرہ توے پر سینک کر موٹا موٹا کوٹ لیں۔
پیاز کو دہی کے ساتھ ملا کر پیس لیں، ایک پیالے میں نمک، ادرک لہسن کا پیسٹ، لال مرچ، ہلدی، دھنیا، زیرہ، پیاز اور دہی کا پیسٹ اچھی طرح ملا لیں۔
چانپوں کو اس مسالے سے میرینیٹ کرکے ایک سے ۲؍ گھنٹے کیلئے فریج میں رکھ دیں۔
پھیلے ہوئے فرائنگ پین میں ۳؍ سے ۴؍ بڑے چمچے تیل ڈال کر درمیانی آنچ پر ۲؍ سے ۳؍ منٹ گرم کریں اور چانپوں کو گولڈن براؤن فرائی کرلیں۔
علیحدہ پین میں ۲؍ بڑے چمچے تیل ڈال کر اس میں ثابت لال مرچ کڑکڑالیں، پھر اس میں باریک کٹے ہوئے ٹماٹر ڈال کر اچھی طرح بھونیں۔
جب ٹماٹر گلنے پر آجائیں تو اسے چانپوں میں ڈال کر ملائیں اور آدھی پیالی پانی ڈال کر دھیمی آنچ پر ڈھانک دیں۔
اتنی دیر دم پر رکھیں کہ اچھی طرح گل جائیں، گرم گرم ڈش میں نکال کر پراٹھے یا چپاتی کے ساتھ پیش کریں۔