ملتان: ڈیزل کی قیمتوں میں 20 فیصد اضافے کے بعد ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)پاکستان ریلویز نےڈیزل کی قیمتوں میں 20 فیصد اضافے کے بعد ٹرینوں کے کرایوں میں اضافہ کردیا۔
ترجمان پاکستان ریلویز کے مطابق اکانومی کلاس کے کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے،اے سی کلاسز کے کرایوں میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
ترجمان ریلویز کا کہنا ہے کہ مسافر ٹرینوں کے آپریشنل اخراجات کا اضافی بوجھ پاکستان ریلویز خود برداشت کرے گا،مال گاڑیوں کے کرایوں میں 20 فیصد اضافہ کیا گیا ہے،اضافے کا اطلاق آج 9 مارچ سے تمام مال گاڑیوں اور مسافر ٹرینوں کے کرایوں پر ہو گیا ہے۔
ترجمان نے واضح کیا ہے کہ فیصلے کا اطلاق پہلے سے کی ہوئی بکنگ پر نہیں ہو گا،انہوں نے بتایا کہ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد ٹرین کرایوں میں اضافہ ناگزیر تھا۔
زکریا ایکسپریس، پاکستان ایکسپریس، عوامی ایکسپریس اور خیبر میل کا ملتان سے کراچی اکانومی کرایہ 2600 سے بڑھ کر 2750 روپے،تیزگام اور کراچی ایکسپریس کا ملتان سے کراچی اکانومی کرایہ 3350 سے بڑھ کر 3750 روپے،جعفر ایکسپریس کا ملتان سے کوئٹہ اکانومی کرایہ 3250 سے بڑھ کر 3400 روپے،پاکستان ایکسپریس اور رحمان بابا ایکسپریس کا ملتان سے فیصل آباد اکانومی کرایہ 800 سے بڑھ کر 900 روپے،پاکستان ایکسپریس اور رحمان بابا ایکسپریس کا ملتان سے راولپنڈی اکانومی کرایہ 2100 سے بڑھ کر 2200 روپے جبکہ موسیٰ پاک ٹرین کا ملتان سے لاہور اکانومی کرایہ 1100 سے بڑھ کر 1150 روپے کردیا گیا۔
اے سی بزنس کلاس میں بھی کرایوں میں اضافہ کیا گیا جس کے بعد ملتان سے کراچی ٹکٹ 7650 سے بڑھ کر 8400 روپے، موسیٰ پاک ٹرین کا ملتان سے لاہور اے سی بزنس کلاس کرایہ 2100 سے بڑھ کر 2300 روپے جبکہ خیبر میل اور عوامی ایکسپریس کا ملتان سے راولپنڈی اے سی بزنس کلاس کرایہ 5700 سے بڑھ کر 6250 روپے کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پی ڈی ایم اے پنجاب کا صوبے کے بالائی علاقوں میں بارش بارے الرٹ جاری