پاک فوج کے شہداء اور غازیوں کی عظیم قربانیوں اور خدمات کو خراجِ تحسین
Stay tuned with 24 News HD Android App
(احمدمنصور) پاک فوج کے شہداء اور غازیوں کی عظیم قربانیوں اور بے مثال خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے کراچی اور لاہور گیریژن میں باوقار تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں اعلیٰ فوجی حکام، شہداء کے اہل خانہ، غازیوں اور معزز شہریوں نے شرکت کی۔
کراچی میں منعقدہ خصوصی تقریب کے مہمانِ خصوصی کور کمانڈر کراچی تھے, تقریب کے دوران وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء اور وطن کے دفاع میں بہادری کا مظاہرہ کرنے والے غازیوں کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
اس موقع پر شہداء اور غازیوں کے لواحقین کو ان کی خدمات اور قربانیوں کے اعتراف میں ستارۂ امتیاز (ملٹری)، تمغۂ امتیاز (ملٹری) اور تمغۂ بسالت سے نوازا گیا۔ کور کمانڈر کراچی نے شہداء کے اہل خانہ سے ملاقات اور گفتگو کرتے ہوئے وطن کے لیے ان کی لازوال قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب میں اعلیٰ فوجی افسران اور شہداء کے قریبی رشتہ داروں نے بھی شرکت کی اور شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کیا ،دوسری جانب لاہور گیریژن میں بھی پاک فوج کے شہداء اور غازیوں کے اعزاز میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جس کے مہمانِ خصوصی جی او سی لاہور گیریژن تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جی او سی لاہور گیریژن نے کہا کہ پاک فوج اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، قربانیوں اور قومی خدمات کی بدولت دنیا بھر میں اپنی منفرد شناخت قائم کر چکی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک فوج شہداء اور غازیوں کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود اور معاونت کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے شہداء اور غازی قوم کی اصل طاقت اور فخر ہیں، جن کی بے مثال قربانیوں کو نہ صرف پاک فوج بلکہ پوری قوم ہمیشہ یاد رکھے گی اور ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔