کیا پنجاب کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات میں اضافہ کردیا گیا؟
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایک نوٹیفکیشن میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ پنجاب حکومت نے شدید موسمی حالات کے باعث صوبے بھر کے تمام سرکاری اور نجی سکولوں میں موسمِ سرما کی تعطیلات میں توسیع کر دی ہے۔
گردش کرنے والی دستاویز کے مطابق سکولوں کی تعطیلات 10 جنوری سے بڑھا کر 17 جنوری 2026 تک کر دی گئی ہیں، جبکہ سکول 19 جنوری سے دوبارہ کھلیں گے، اس نوٹیفکیشن میں ضلعی تعلیمی حکام کو سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات بھی درج ہیں۔

دوسری جانب وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے چھٹیوں میں اضافے کی افواہوں کی تردید کر دی ہے،وزیرتعلیم نے کہا کہ تمام سکولز، کالجز اعلان کردہ شیڈول کے مطابق ہی کھلیں گے،تمام تعلیمی ادارے 12 جنوری سے ہی کھلیں گے۔
رانا سکندر حیات نے کہا کہ چھٹیوں کی توسیع کے حوالے سے وائرل نوٹیفکیشن جعلی ہے،محکمہ تعلیم کی جانب سے چھٹیوں میں اضافے کا کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔
یاد رہے کہ گذشتہ دنوں بھی وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے موسمِ سرما کی تعطیلات سے متعلق افواہوں پر وضاحت دیتے ہوئے تعطیلات میں کسی بھی توسیع کی تردید کی تھی۔
School & College Holidays Will NOT Be Extended.
— Rana Sikandar Hayat (@RanaSikandarH) January 4, 2026
Pls Avoid Fake News
ہفتے کے آغاز میں جاری اپنے عوامی بیان میں وزیر تعلیم نے واضح کیا تھا کہ سکول اور کالجز مقررہ شیڈول کے مطابق کھلیں گے اور عوام کو غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین نہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’سکول اور کالجز کی تعطیلات میں کوئی توسیع نہیں کی جا رہی، براہِ کرم فیک نیوز سے گریز کریں۔‘‘
تاحال موسمِ سرما کی تعطیلات کے شیڈول میں کسی قسم کی تبدیلی کا اعلان نہیں کیا گیا ہے اور والدین، طلبہ اور اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ درست معلومات کے لیے صرف سرکاری حکومتی ذرائع پر ہی انحصار کریں۔