پی ٹی آئی سے رابطے منقطع نہیں، اتحاد کے امکان کو بھی رد نہیں کیا جا سکتا;مولانا فضل الرحمان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(عثمان خان) سربراہ جمعیت علمائے اسلام(جے یو آئی) مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے رابطے منقطع نہیں ہوئے اور پی ٹی آئی سے اتحاد کے امکان کو بھی رد نہیں کیا جا سکتا۔
سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ چند دن قبل بھی اسد قیصر سے بامعنی ملاقات ہوئی ہے ،سیاست میں دشمنیاں مستقل ہوتی ہے نہ دوستی دائمی ہوتی ہے،1977 میں بھٹو کو اقتدار سے ہٹانے والی پاکستان قومی اتحاد میں شامل ساری جماعتیں سنہ 1983 میں پیپلز پارٹی کے ساتھ ملکر ایم آر ڈی کے پلیٹ فارم سے جمہوریت کی بحالی اور مارشل لاء سے نجات کی خاطر اکھٹے کام کرتی رہی ہیں ۔
مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ سیاستدانوں میں اتنی ذہنی لچک موجود ہوتی ہے کہ وہ اپنے سیاسی اختلافات اور بسا اوقات گہرے سیاسی تنازعات کو بھی پس پشت ڈال کر قومی سلامتی اور عوامی فلاح کی خاطر سر جوڑ کر بیٹھنے کو تیار ہو جاتے ہیں،ماضی قریب میں ایک دوسری کی بدترین سیاسی مخالف پیپلز پارٹی اور نواز لیگ جمہوریت کی بحالی کے لئے چارٹر آف ڈیموکریسی کے ذریعے تمام تر تلخیاں بھلا کر آگے بڑھ گئی ہیں،بلاشبہ سیاست مفاہمت کی سائنس ہے ،وقت اور حالات کے تقاضوں کے تحت نت نئی صف بندیاں بھی کرتی رہتی ہیں۔
پرانے ایشو پہ بنے اتحاد ٹوٹ جاتے ہیں اور تازہ ایشوز کے لئے نئے اتحاد بنتے رہتے ہیں،میری خواہش ہے کہ پی ٹی آئی کو اجتماعی قومی دھارے میں لایا جائے،مشرقی روایات کی بنیاد پر پروان چڑھنے والے باہمی احترام پہ مبنی سیاسی کلچر کا حصہ بنائے جائے کیونکہ قومی قیادت کی اولین ذمہ داری یہی ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ ہم سب ملکر اپنے معاشرے کو عدم برداشت ،تشدد اور عدم رواداری کے دلدل سے نکال کر ایک نارمل اور صحت مند معاشرے بنائیں، ہم چاہتے ہیں کہ اپوزیشن جماعتیں تمام تر سیاسی تنازعات کو پس پشت ڈالکر ملک میں آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے یک نقاطی ایجنڈے پہ متفق ہو جائیں، ہم چاہتے ہیں کہ اس ملک کو ہائبرڈ نظام سے نجات دلا کر کچھ آگے بڑھنے کا راستہ بنایا جا سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: صدر آصف زرداری سے آسٹریلیا کے لیے نامزد پاکستانی ہائی کمشنر کی ملاقات