’’نورِ سحر‘‘میں علمی و روحانی نشست کا اہتمام ، ممتاز اسلامی سکالرز ، محققین کی شرکت

Sep 08, 2025 | 15:48:PM
’’نورِ سحر‘‘میں علمی و روحانی نشست کا اہتمام ، ممتاز اسلامی سکالرز ، محققین کی شرکت
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24  نیوز )معروف ٹی وی پروگرام "نورِ سحر" میں ایک علمی و روحانی نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں ممتاز اسلامی اسکالرز اور محققین نے شرکت کی، نشست کا مرکزی موضوع نبی کریم حضرت محمد ﷺ کی بچوں سے محبت اور شفقت تھا۔

پروگرام کے میزبان جسٹس (ر) نذیر احمد غازی نے کہا کہ نبی اکرم ﷺ بچوں سے بے پناہ محبت فرماتے تھے اور آپ کا ہر عمل محبت، شفقت اور رحمت سے لبریز تھا۔

معروف اسلامی اسکالر پروفیسر عائشہ ابوبکر نے کہا کہ حضور ﷺ نے ہمیشہ یتیموں اور محروم بچوں کے ساتھ حسن سلوک فرمایا۔ حضرت حسنؓ و حسینؓ سے آپ ﷺ کی بے مثال محبت ہمیں بچوں کے ساتھ نرمی، خلوص اور رحمدلی کی اعلیٰ مثال دیتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ آج کے اساتذہ خصوصاً دینی مدارس میں نبی کریم ﷺ کی سیرت کو مشعلِ راہ بنائیں۔

 یہ بھی پڑھیں:آئی پی ایل میں میری بے عزتی کی گئی ,  کرس گیل نے بڑے رازسے پردہ اٹھا دیا

پروفیسر ناصر محمود نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نہ صرف انسانوں بلکہ تمام مخلوق کے لیے رحمت تھے۔ آپ ﷺ بچوں کو محبت بھرے انداز میں نصیحت کرتے، جس کی وجہ سے بچے آپ ﷺ سے گہری عقیدت رکھتے تھے۔ انہوں نے واقعہ بیان کیا کہ جب حضرت اسامہ بن زیدؓ کے رشتے دار انہیں لینے آئے تو وہ رسول اللہ ﷺ کی گودِ مبارک سے جدا ہونا نہیں چاہتے تھے، جو حضور ﷺ کی محبت کی گہرائی کو ظاہر کرتا ہے۔

مولانا امیر حمزہ نے ایک دلچسپ روایت بیان کی کہ مدینہ کے لوگ جب کوئی نیا پھل حاصل کرتے تو سب سے پہلے نبی کریم ﷺ کی خدمت میں پیش کرتے، اور آپ ﷺ وہ پھل بچوں میں تقسیم فرما دیتے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایک موقع پر جب حضرت حسنؓ اور حسینؓ رورہے تھے تو رسول اللہ ﷺ کی آنکھوں میں بھی آنسو آ گئے۔ آپ ﷺ نے دونوں کو گود میں اٹھایا اور پیار سے چپ کرایا۔