ایران نے بارباڈوس کے آئل ٹینکر کو قبضہ میں لے لیا، عملہ گرفتار
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) ایرانی کمانڈوز نے بحیرہ عمان میں بارباڈوس کے پرچم بردار بڑی آئل ٹینکر 'اوشن کوئی' کو فوجی کارروائی کرکے قبضے میں لے لیا ہے۔ اس جہاز کو ایرانی ساحل پر لے جا کر اس کے عملہ کو حراست میں لے لیا گیا گیا۔
ایرانی میڈیا نے بتایا کہ فوجی حکام کے مطابق اس آئل ٹینکر پر ایرانی تیل کی برآمدات میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کے شبہ میں قبضہ کیا گیا ہے۔ یہ نہیں بتایا گیا کہ ایک غیر فوجی آئل ٹینکر نے "ایرانی آئل کی ایکسپورٹ میں رکاوٹ " ڈالنے کے لئے کیا کیا تھا۔
پاسداران انقلاب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ "سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل" کی قرارداد اور عدالتی حکم پر عمل کرتے ہوئے بحریہ نے خلیج عمان میں خصوصی کارروائی انجام دی ہے۔
اس بیان کے مطابق ایران کی بحریہ نے بارباڈوس کے ایک ٹینکر کو تحویل میں لے لیا ہے جو ایرانی تیل کی کھیپ لے کر جا رہا تھا۔ پاسداران حکام کا کہنا ہے کہ اس ٹینکر نے خطے کی صورتحال سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی، یہ ایران کی تیل برآمدات اور قومی مفادات کو نقصان پہنچانے کی نیت رکھتا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ایران اب بین الاقوامی پانیوں پر اپنا کنٹرول چاہتا ہے،یہ قابل قبول نہیں ہے، مارکوروبیو
اب تک سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق امریکہ 13 ارب ڈالر مالیت کے تیل کو ایرانی بندرگاہوں میں داخل ہونے یا نکلنے سے روک چکا ہے۔
ایرانی بحریہ کے کمانڈوز اور میرینز نے بارباڈوس کے آئل ٹینکر کو خلیج عمان کے علاقہ میں قبضہ میں لینے کے بعد ایران کے جنوبی ساحلی علاقوں کی طرف لے جا کر عملہ کو جہاز سے اتار کر قید کر دیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایرانی بحریہ خطے کے پانیوں میں ملک کے مفادات اور اثاثوں کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور کسی بھی خلاف ورزی یا جارحیت کے معاملے میں نرمی نہیں برتی جائے گی۔