بلوچستان اسمبلی ؛معرکہ حق کے حوالے سے تہنیتی قرارداد منظور ،اپوزیشن نے بھی حمایت کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(عیسیٰ ترین)بلوچستان اسمبلی میں معرکہ حق کے حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے پیش کردہ تہنیتی قرارداد منظور کرلی،اپوزیشن نے بھی قرارداد کی حمایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ایوان میں معرکہ حق کے حوالے سےمشترکہ تہنیتی قرارداد پیش کی۔قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان پاکستان کی بہادر مسلح افواج بری، بحری اور فضائیہ نےمعرکہ حق میں شاندار کامیابی، وطن عزیز کے دفاع ،قومی سلامتی کے تحفظ اور دشمن کے ناپاک عزائم کو نا کام بناتے ہوئے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ، جس کے نتیجے میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے 7 طیارے مار گرائے اور کئی ائیر میں تباہ کئے ،دشمن کے دفاعی نظام کو ملیا میٹ کیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا قرارداد میں کہناتھا کہ دشمن کی کئی فوجی چوکیوں کو تباہ کیا جبکہ دشمن کی جانب سے کئی فوجی چوکیوں پر سفید جھنڈ لہرا کر رحم کی اپیل کی گئی، یہ ایوان پاکستان کے مسلح افواج کو دشمن کے ناپاک جارحیت پر فوری مربوط اور بھر پور جواب دینے پر شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتا ہے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ معرکہ حق سے جڑی پیش رفت محض ایک علامتی کامیانی نہیں بلکہ ایک تاریخی موڑ ہے،معرکہ حق نے پاکستان کے سٹرٹیجک عزم کو مزید پختہ کیا، اس واقعے نے خطے میں دفاع حکمت عملی اور طاقت کے توازن کے حوالے سے ایک مستقل خط کھینچ دی ہے،پاکستان نے یہ واضح کر دیا ہے کہ کسی بھی جانب سے مہم جوئی یا جارحیت کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہاکہ مزید مسلح افواج کی جانب سے ظاہر کی گئی عملی تیاری پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی استعداد اس امر کا ثبوت ہے کہ پاکستان پر مٹنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے بلکہ تیاری دشمن کی توقعات سے بھی کہیں زیادہ ہے،ایوان اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ پاکستان ایک پر امن ملک ہے تاہم اپنی خودمختاری سلامتی اور قومی وقار کے دفاع کے لئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔
قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ ایوان فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی معرکہ حق میں قائدانہ صلاحیتوں اور بروقت بہترین فیصلوں پرخراج تحسین پیش کرتا ہے، یہ ایوان اس عزم کا بھی اعادہ کرتا ہے کہ پوری قوم بالخصوص بلوچستان کے عوام اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور پاکستان کے دفاع استحکام اور ترقی کے لئے متحد رہے گی۔
اپوزیشن رہنمامیر رحمت صالح بلوچ نے کہاکہ نیشنل پارٹی کی طرف سے معرکہ حق سے متعلق قرارداد کی حمایت کرتا ہوں، معرکہ حق پر پاک فوج اور پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے،دہشتگرد ملک بھارت ناجائز طور پر پاکستان پر حملہ آور ہوا، پاک فوج نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔میر رحمت صالح بلوچ کاکہناتھا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے، آج پاکستان کا سر فخر سے بلند ہوچکا ہے۔
صوبائی وزیرمیرظہور احمد بلیدی نے کہاکہ پاکستانی وہ قوم ہے جس نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا،پاکستان نے بھارت کے دفاعی نظام کو برباد کردیا،پاکستان نے بھارت کا غرور مٹی میں ملا دیا ہے،فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت پاک فوج دشمنوں کو انکے گھر میں گھس کر مارے گی،پاکستان کی سیاسی قیادت کا کردار بھی قابل تحسین ہیں۔
بلوچستان اسمبلی نے معرکہ حق کے حوالے سے وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے پیش کردہ تہنیتی قرارداد منظور کرلی،بلوچستان اسمبلی کا اجلاس 11 مئی سہ پہر 3 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:ن لیگ کا پیپلزپارٹی کو بڑاسرپرائز ،اہم وکٹ گرا دی