چار سال قبل ملک گیر بلیک آؤٹ؛نیشنل گرڈ کمپنی اور سی پی پی اے پر 5 کروڑ روپے جرمانہ عائد

Dec 08, 2025 | 18:49:PM
چار سال قبل ملک گیر بلیک آؤٹ؛نیشنل گرڈ کمپنی اور سی پی پی اے پر 5 کروڑ روپے جرمانہ عائد
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی)  نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے چار سال قبل ہونے والے ملک گیر بلیک آؤٹ کے بعد بروقت بجلی بحالی میں ناکامی کا ذمہ دار نیشنل گرڈ کمپنی اور سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کو قرار د یتے ہوئے دونوں اداروں پر ڈھائی، ڈھائی کروڑ(مجموعی طور پر 5کروڑ) روپے جرمانہ عائدکردیا۔

نیپرا کے جاری کردہ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ 9 جنوری 2021 کو ملک تقریباً 20 گھنٹے تک اندھیرے میں ڈوبا رہا ،نیشنل گرڈ کمپنی اور سی پی پی اے بلیک آؤٹ کے بعد بجلی کی بروقت بحالی میں ناکام رہیں۔

فیصلے کے مطابق سال 2021، 2022 اور 2023 کے دوران بھی بجلی معطلی کے متعدد واقعات رونما ہوئے جن میں دونوں کمپنیاں مؤثر اور تیز رفتار بحالی کرنے میں ناکام رہیں۔

نیپرا نے بلیک اوٹ کےمعاملے پر تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی تھی، معاملے پر ہونے والی سماعت کے دوران نیشنل گرڈ کمپنی اور سی پی پی اے کے نمائندے نیپرا کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے۔

 دونوں اداروں نے اپنی اپنی پوزیشن کے حق میں دلائل دیتے ہوئے ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈالنے کی کوشش بھی کی تاہم نیپرا نے شواہد اور ریکارڈ کی روشنی میں دونوں کو قصوروار قرار دے دیا۔

 نیپرا نے دونوں اداروں پر ڈھائی، ڈھائی کروڑ روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے 15 روز کے اندر ادائیگی کا حکم جاری کر دیا۔