پیپلز پارٹی کا وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کیخلاف عدم اعتماد لانے کا فیصلہ 

Apr 08, 2022 | 22:45:PM
پیپلزپارٹی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی، گلگت بلتستان، وزیراعلیٰ، عدم اعتماد، فیصلہ
کیپشن: وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(نیوز ایجنسی) پاکستان پیپلز پارٹی سنٹرل ایکزیگٹیو کمیٹی کے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں عدم اعتماد لانے کے فیصلے کی روشنی میں پیپلز پارٹی گلگت بلتستان نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کے خلاف عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا۔ 
قائدِ حزب اختلاف گلگت بلتستان اسمبلی امجد حسین ایڈووکیٹ کے زیر صدارت اپوزیشن لیڈر چیمبر میں ہونے والے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ پی ڈی ایم گلگت بلتستان میں وزیر اعلیٰ کے خلاف عدم اعتماد لانے کے لئے پیر سے باقاعدہ کام کرے گی اسی سلسلے میں پیر کے روز پیپلز پارٹی کی جانب سے کمیٹی بنائی جائے گی کمیٹی پی ڈی ایم کے دیگر جماعتوں سے رابطہ اور جوڑ توڑ کرے گی۔ وزیر اعلیٰ کے امیدوار کے لئے نام کا فیصلہ پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں متفقہ طور پر کرینگی۔
 اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف امجد حسین ایڈووکیٹ نے کہاکہ گلگت بلتستان میں عدم اعتماد یقینی ہے پیر سے اس پر باقاعدہ کام کا آغاز کیا جائے گا۔ قائدِ حزب اختلاف نے پیپلز پارٹی کے رہنماوں اور کارکنوں کو یہ ہدایت جاری کی کہ وہ عمران خان کے جانے کی خوشی میں گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں افطار پارٹیوں کا انعقاد کریں اور رمضان المبارک کے اس مقدس مہینے میں اس طرح سے خوشیاں منائیں۔ قائد حزب اختلاف نے مزید کہا کہ دس آمر ملکر ایک عمران خان بنتا ہے لہذا آج ملکی تاریخ میں پاکستان سے ایک بڑا بوجھ ختم ہوا۔ جس طرح عمران نیازی کو پاکستانی عوام پر مسلط کیا گیا ہے اب اسکا منطقی انجام سامنے آچکا ہے۔ نیازی سرکار نے ملک کو معاشی طور پر تباہ کیا اور عوام سے روٹی کا نوالہ تک چھین لیا۔ آج ملک کے غریب عوام نے سکھ کا سانس لیا ہے۔ اب پاکستان میں ترقی اور خوشحالی شروع ہوگی۔
 اس موقع پر پیپلز پارٹی کے سنیئر نائب صدر جمیل احمد، نائب صدر بشیر احمد خان، رکن اسمبلی غلام شہزاد آغا سمیت دیگر رہنماو¿ں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا شروع دن سے واضح موقف رہا تھا کہ ایوان میں عدم اعتماد کے ذریعے نیازی کو گھر بھیج دینگے جس کے بعد پی ڈی ایم کی دیگر جماعتوں نے پیپلز پارٹی کے موقف کی تائید کی اور آج ملک سے بہت بڑی بیماری چلی گئی اب پاکستان میں پی ڈی ایم کی لیڈر شپ مہنگائی کے خاتمے کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے گی پیپلز پارٹی کے قائدین نے کہا کہ گلگت بلتستان سے بھی بزدار ٹو کا خاتمہ ہوگا اور یہاں بھی پی ڈی ایم حکومت قائم کرے گی۔اس اجلاس میں پیپلز پارٹی ضلع گلگت کےصدر زوار فدا حسین، سنیئر رہنما ناصر میر، اقبال رسول، کلثوم مہدی، پروین جاوید، وسیم بادامی سمیت دیگر رہنماوں نے بھی خطاب کیا۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ کے فیصلے سے مایوسی ہوئی، امپورٹڈ حکومت تسلیم نہیں کروں گا: وزیراعظم عمران خان