وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا حالیہ بیان افسوسناک، غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز ہے،انجینئر امیر مقام
Stay tuned with 24 News HD Android App
(احمد منصور) وفاقی وزیر و صوبائی صدر مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا حالیہ بیان افسوسناک، غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز ہے۔ ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز بیانات کسی بھی صورت برداشت نہیں کیے جا سکتے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے حالیہ بیان پر وفاقی وزیر و صوبائی صدر مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے اپنا ردعمل دیتے ہوئےکہا ہے خیبرپختونخوا کے عوام سیکیورٹی فورسز اور پاک افواج کی امن و استحکام کیلئے قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ خیبرپختونخوا کے عوام شہداء کی لازوال قربانیوں اور ان کے خون کا احترام کرتے ہیں۔ یہ کسی فرد واحد کی دہشتگردانہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے نہ کہ صوبے کی عوام کا۔
ایسی باتیں دشمن کے بیانیے کو تقویت دیتی ہیں، عوام میں انتشار اور ریاستی اداروں کے خلاف بداعتمادی پیدا کرنا کسی محب وطن قیادت کا شیوہ نہیں۔مساجد اور شہداء کے تقدس کے نام پر نفرت انگیزی پھیلانا انتہائی قابلِ مذمت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ کو یاد رکھنا چاہیے کہ ان کا منصب ذمہ داری، سنجیدگی اور قومی یکجہتی کا متقاضی ہے، نہ کہ انتشار اور اداروں سے ٹکراؤ کا۔پاکستان مسلم لیگ (ن) واضح موقف رکھتی ہے کہ امن، ترقی اور استحکام ہی خیبرپختونخوا کے عوام کا اصل حق ہے۔وزیراعلیٰ صوبے کے آئینی سربراہ ہیں، انہیں اپنے عہدے کی حرمت برقرار رکھتے ہوئے قومی اداروں سے تصادم نہیں بلکہ تعاون کی راہ اختیار کرنی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں:بلوچستان پولیس ڈیپارٹمنٹ میں بڑے پیمانے پر تقرر اور تبادلے