قریبی عزیز کی موت؟" دلبر دلبر گرل" نورا فتیحی روتے ہوئے دوسرے ملک روانہ ، ویڈیو وائرل

Jul 07, 2025 | 13:59:PM
قریبی عزیز کی موت؟
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) بالی ووڈ کی معروف رقاصہ اور "دلبر دلبر " فیم نورا فتیحی گزشتہ شام ممبئی ایئرپورٹ پر شدید غم کی حالت میں دیکھی گئیں،سیاہ لباس اور سیاہ چشمہ پہنے نورا فتیحی کو ایئرپورٹ کے احاطے میں کیمروں نے قید کیا، جب وہ آنکھوں سے آنسو صاف کرتے ہوئے تیزی سے ٹرمینل کی جانب بڑھ رہی تھیں، خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ کسی قریبی عزیز کی موت پر آخری رسومات میں شرکت کیلئے دوسرے ملک روانہ ہوئیں۔

نورا فتیحی عام طور پر عوامی مقامات پر مداحوں اور فوٹوگرافروں سے خوش اخلاقی سے پیش آتی ہیں، لیکن اس بار ان کا رویہ مختلف تھا اور انہوں نے کسی سے کوئی بات نہیں کی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا گیا کہ نورا پاپارازی سے نظریں چرا رہی تھیں اور نہایت مغموم انداز میں کسی سے بات کیے بغیر ایئرپورٹ کے اندر داخل ہو گئیں۔

ان کے ہمراہ ایک سیکیورٹی گارڈ بھی موجود تھا، جس نے ایک مداح کی جانب سے سیلفی لینے کی کوشش پر ناراضی ظاہر کرتے ہوئے اسے پیچھے ہٹا دیا۔

واقعے سے قبل نورا فتیحی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک سٹوری شیئر کی تھی جس میں انہوں نے عربی میں ”إِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ“ لکھا ۔

 نورا نے اس پیغام کے ساتھ کسی قسم کی تفصیل فراہم نہیں کی، تاہم ان کے اس انداز اور جذباتی کیفیت سے یہ اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ ان کے کسی نہایت قریبی رشتہ دار یا دوست کا انتقال ہوا ہےاور امکان ہے کہ وہ اپنے کسی قریبی عزیز کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے جا رہی ہوں۔

 مداحوں کی جانب سے بھی نورا کی اس حالت پر افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے، ایک صارف نے سوشل میڈیا پر تبصرہ کیا،”لگتا ہے کسی قریبی عزیز کی موت ہوئی ہے، ایسے وقت میں مداحوں کو حدود کا خیال رکھنا چاہیے۔“

نورا فتیحی، جن کا تعلق مراکش سے ہے اور جو کینیڈین شہریت رکھتی ہیں، نے 2018 میں فلم ’رور: ٹائیگر آف دی سندر بن‘ سے بالی ووڈ میں انٹری دی۔ تاہم انہیں اصل شہرت فلم ”صرف تم“ کے مقبول گانے دلبر سے ملی، جس میں ان کے ڈانس نے انہیں راتوں رات سٹار بنا دیا، اس کے بعد وہ کئی فلموں اور آئٹم نمبرز کا حصہ رہ چکی ہیں۔