بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن،12 بھارتی اسپانسرڈ دہشتگرد ہلاک

Dec 07, 2025 | 12:41:PM
 بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن،12 بھارتی اسپانسرڈ دہشتگرد ہلاک
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(احمد منصور)سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے قلات میں آپریشن کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی یافتہ 12 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے 6 دسمبر کو خفیہ معلومات کی بنیاد پر قلات میں آپریشن کرتے ہوئے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارت کے پشت پناہ 12 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے، ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔

شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے ہلاک دہشتگرد علاقے میں متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے، کسی بھی دیگر بھارتی سرپرست دہشتگرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق عزم استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مہم جاری رہےگی، مہم جاری رہےگی تاکہ بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور مصر کا مشترکہ معاشی لائحہ عمل پر اتفاق

وزیراعظم  شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قلات میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پرسکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ 

وزیراعظم کا کہنا تھا عزم استحکام کے وژن کے تحت سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، دہشتگردی کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔

ان کا کہنا تھا پوری قوم دہشتگردی کے خلاف متحد ہے اور ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہیں۔

و زیر داخلہ محسن نقوی نے کہا بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کو کہیں چھپنے نہیں دیا جائے گا،قوم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

دوسری طرف بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے بتایا ہے کہ بلوچستان میں گزشتہ 48گھنٹوں میں دواہم واقعات ہوئے، ڈیرہ بگٹی میں 100کے قریب دہشتگردوں اورفراری کمانڈرز نے ریاست کے سامنے سرنڈر کیا۔

شاہد رند نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان اوران کی ٹیم کو سرنڈر کا کریڈٹ جاتا ہے، دوسرے واقعہ میں قلات میں فتنہ الہندوستان کے 12دہشتگرد مارے گئے ہیں، ریاست اور اس کے تمام ادارے بلوچستان پر واضح پالیسی رکھ کر آگے بڑھ رہی ہے۔

ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ ماضی میں جو دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث رہے ان کو ایک موقع فراہم کیا جارہا ہے، اگر وہ بندوق کے زور پر بات کرنا چاہتے ہیں تو ریاست بھی بندوق کے زور سے ہی جواب دے گی۔