کراچی، عائشہ منزل پر فرنیچر کی دکانوں میں لگی آگ 4 زندگیاں نگل گئی

Dec 07, 2023 | 01:06:AM
کراچی، عائشہ منزل پر فرنیچر کی دکانوں میں لگی آگ 4 زندگیاں نگل گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(جاوید قائمخانی) شہر قائد کے علاقے عائشہ منزل کے قریب فرنیچر مارکیٹ کی دکانوں میں آگ  لگنے سے جھلس کر 4 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا جبکہ کروڑوں کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا، فائربریگیڈ کی گاڑیوں نے کئی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ 

کراچی کے ضلع وسطی میں عائشہ منزل کے قریب کثیرالمنزلہ عرشی سینٹر کے گراؤنڈ فلور پر واقع فرنیچر کی دکانوں میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا ہے، میز نائن فلور پر بھی آگ کو بھجا دیا گیا جبکہ پہلی اور دوسری منزلوں کے فلیٹس کی جانچ کا عمل جاری ہے۔

عرشی سینٹر کے گراؤنڈ فلور پر واقع فرنیچر کی دکانوں میں لگنے والی آگ نے میزنائن فلور پر فوم کے گدوں کے اسٹاک کو بھی لپیٹ میں لے لیا تھا جس کی وجہ سے آگ کی شدت میں اضافہ ہوا۔ آتشزدگی کے نتیجے میں کروڑوں کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔

آگ بجھانے میں فائر بریگیڈ کی 12 گاڑیوں نے حصہ لیا جبکہ 2 باؤزر اور 2 اسنارکل بھی طلب کیے گئے۔  جائے حادثہ پر رش کی وجہ سے امدادی کاموں میں رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑا۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ آگ لگنے سے متعدد گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ کچھ رہائشی فلیٹ بھی متاثر ہوئے۔

فائر بریگیڈ حکام  کے مطابق آگ تیسرے درجے کی تھی۔ آگ پھیلنے کے امکانات کے بعد متاثرہ رہائشی عمارت سے لوگوں کو نکال لیا گیا۔ آتشزدگی کے واقعے کے پیش نظر واٹر کارپوریشن کے نیپا اور سخی حسن ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

یہ بھی پڑھیے: پشاور دھماکہ، مقدمے کے اندراج کیلئے سی ٹی ڈی کو مراسلہ ارسال

آتشزدگی کے واقعے کے بعد ڈپٹی کمشنر سینٹرل کی ہدایت پر ایس بی سی اے نے عرشی شاپنگ مال کی عمارت کو سیل کردیا، ترجمان ایس بی سی اے کے مطابق سیل کرنے کا مقصد یہ ہے کہ  کوئی شخص متاثرہ عمارت کے اندر داخل نہ ہوسکے۔

ترجمان کے مطابق کولنگ کے عمل کے بعد ایس بی سی اے کی ڈیجنرز کمیٹی عمارت کا معائنہ کرکے اپنی رپورٹ مرتب کرے گی جسے اعلیٰ حکام کو پیش کیا  جائے گا، ترجمان کے مطابق عمارت کے معائنہ کے بعد ہی اس بات کا فیصلہ کیا جائے گا کہ متاثرہ عمارت استعمال کے قابل بھی ہے یا نہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق آتشزدگی سے 2 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے جنھیں فوری طبی امداد کیلئے سول اسپتال برنس وارڈ منتقل کر دیا گیا، ریسکیو حکام کے مطابق جھلس کر زخمی ہونے والوں کی شناخت 22 سالہ اسامہ اور 50 سالہ ساجد کے نام سے کی گئی جس میں نوجوان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

بعدازاں نوجوان اسامہ اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 4 ہوگئی۔