ایڈمرل نوید اشرف پاک بحریہ کے 23 ویں سربراہ بن گئے  

Oct 06, 2023 | 22:24:PM
ایڈمرل نوید اشرف پاک بحریہ کے 23 ویں سربراہ بن گئے  
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(احمد منصور) ایڈمرل نوید اشرف نے پاک بحریہ کے 23 ویں سربراہ کی حیثیت سے کمان سنبھال لی۔

پاک بحریہ کی تبدیلی کمانڈ کی پروقار تقریب پی این ایس ظفر اسلام آباد میں منعقد ہوئی، ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے پاک بحریہ کی کمان ایڈمرل نوید اشرف کے حوالے کی۔

اس موقع پر سبکدوش ہونے والے نیول چیف ایڈمرل امجد خان نیازی نے تقریب سے الوداعی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نیوی کی کمانڈ کرنا میرے لئے بڑا اعزاز تھا، اللہ کا شکر جس نے نیوی میں خدمات سرانجام دینے کا موقع دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ ملکی دفاع کیلئے مضبوط اور بہترین ادارہ ہے، پاک بحریہ پیشہ ورانہ اور بھرپور صلاحیتوں کی حامل ہے، پاک بحریہ کا شمار دنیا کی بہترین بحری افواج میں ہوتا ہے۔

ایڈمرل امجد خان نیازی کا کہنا تھا کہ مستقبل میں مصنوعی ذہانت کا انسانی زندگی میں بہت عمل دخل ہوگا، مستقبل کے چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے استعداد کار میں اضافہ ناگزیر ہے، پاکستان مشترکہ کوششوں اور تعاون پر یقین رکھتا ہے، بھارت میں انتہا پسندی فروغ پا رہی ہے۔

سابق نیول چیف نے مزید کہا کہ گزشتہ سیلاب سے پاکستان کی معیشت کو بہت نقصان پہنچا، سیلابی صورتحال میں بھی پاک بحریہ کا کردار کلیدی رہا، کورونا وبا کے دوران پوری دنیا کی معیشت کو بحران کا سامنا رہا۔
 ایڈمرل نوید اشرف پاکستان نیوی وار کالج لاہور، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد، نیول سٹاف کالج امریکہ اور رائل کالج آف ڈیفنس سٹڈیز برطانیہ سے فارغ التحصیل ہیں،دوران سروس شاندار خدمات کے اعتراف میں ایڈمرل نوید اشرف کو ہلال امتیاز (ملٹری) اور تمغہ بسالت سے نوازا جاچکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف کے ایک اور رہنما گھر پہنچ گئے