پی ٹی آئی کا  27ویں آئینی ترمیم کو ہرسطح پر مسترد کرنے کا اعلان

Nov 06, 2025 | 10:21:AM
پی ٹی آئی کا  27ویں آئینی ترمیم کو ہرسطح پر مسترد کرنے کا اعلان
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) تحریک انصاف  نے  27ویں آئینی ترمیم کو ہرسطح پر مسترد کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔

پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس  ہوا ، جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔

 اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور 27ویں آئینی ترمیم پر تفصیلی غور کیا گیا ۔

اپوزیشن لیڈر کی فوری تعیناتی اور قومی اسمبلی و سینیٹ میں توازن کی ضرورت کا مطالبہ کیا گیا۔

اس کے علاوہ سینیٹ میں قائدِ حزبِ اختلاف کی تعیناتی ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

 پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی نے احمد چٹھہ اور بلال اعجاز کی بحالی کی منظوری دی،اس کے علاوہ سہیل آفریدی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے قرارداد بھی منظور کی گئی ۔

یہ بھی پڑھیں:27ویں آئینی ترمیم کی منظوری،تمام وزراء کے غیر ملکی دورے منسوخ

قبل ازیں قومی اسمبلی اجلاس سے خطاب میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آئین میں ترمیم کرنا ایک سنجیدہ معاملہ ہے، پورے ملک میں ہلچل ہے کہ وفاق، صوبوں پر حملہ آور ہو رہا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم متفقہ طور پر منظور کی گئی، جس پر لوگوں نے خوشیاں منائیں، 26ویں ترمیم میں 4 شقوں پر ہمیں شدید اعتراض ہے۔ 

 پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ 27 ویں آئینی ترمیم وفاق کےلیے خطرہ اور پارلیمنٹ پر حملہ ہے، حکومت ایسی ترمیم نہ لائے جس سے عدلیہ مزید تقسیم ہوجائے۔

 اُن کا کہنا تھا کہ این ایف سی ایوارڈ کو آج تک کسی نے نہیں چھیڑا، آپ اب پورے وفاق کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

 بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم میں یقین دہانی کرائی گئی کہ این ایف سی میں حصہ گزشتہ سے کم نہیں ہوگی، کچھ لوگوں کو اختیارات دینے سے وفاق خطرے میں پڑ جائے گا۔

 انہوں نے کہا کہ بھارت کے آئین میں اب تک 106 ترامیم ہوئی ہیں، شاید اس بار ہمیں مولانا صاحب کے گھر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔ شاید اس بار ہمیں سپیکر کے ساتھ کمیٹی میں بھی بیٹھنا نہ پڑے، ہم نے مولانا صاحب کے ساتھ مل کر کوشش کی تو آئینی عدالت سے آئینی بینچز پر آئے۔

 اُن کا کہنا تھا کہ 27ویں آئینی ترمیم آئین اور پارلیمنٹ کی روح کے منافی ہے، صوبے انتظار کر رہے ہیں کہ 11 واں این ایف سی ایوارڈ کب آئے گا۔