جام شہادت نوش کرنیوالے لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین کی نمازِ جنازہ ،وزیراعظم، فیلڈمارشل سمیت دیگر کی شرکت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(احمد منصور)بلوچستان میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن میں جام شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین شہید (رہائشی ضلع سرگودھا) کی نمازِ جنازہ آج چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق دلیر سپوت نے گزشتہ روز بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں دہشتگردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران اپنے دستے کی قیادت کرتے ہوئے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا تھا۔
نمازِ جنازہ میں وزیر اعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی،وزیر اطلاعات ، سینئر حاضر سروس و ریٹائرڈ سول و عسکری افسران، عزیز و اقارب اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
وزیر اعظم نے لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین شہید کی غیر معمولی بہادری، فرض شناسی اور دفاعِ وطن کے لیے غیر متزلزل عزم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیر اعظم نے اعادہ کیا کہ افواجِ پاکستان قوم کی مکمل حمایت کے ساتھ بھارتی سرپرستی میں دہشتگردی اور اس کے سہولت کاروں کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں قوم کے عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں اور پاکستان کے امن، استحکام اور خودمختاری کے تحفظ کے غیر متزلزل عہد کی عکاسی کرتی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید کو ان کے آبائی علاقے میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔افواجِ پاکستان اور پوری قوم شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے اور سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مشرقِ وسطیٰ کشیدگی خطے کی بحری سلامتی کیلئے بڑا چیلنج ہے، ایڈمرل نوید اشرف