راولپنڈی میں سکیورٹی سخت، 19 سے21 رمضان تک پولیس کو خصوصی الرٹ جاری

Mar 06, 2026 | 08:42:AM
راولپنڈی میں سکیورٹی سخت، 19 سے21 رمضان تک پولیس کو خصوصی الرٹ جاری
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)ممکنہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر  راولپنڈی  میں پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے جبکہ 19 سے 21 رمضان المبارک کے دوران سخت حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی کی ہدایت پر ایس ایس پی آپریشنز ملک طارق محبوب نے اس حوالے سے باقاعدہ مراسلہ جاری کر دیا ہے جو تمام ڈویژنل ایس پیز، ایس پی سکیورٹی، سرکل افسران اور تھانوں کے ایس ایچ اوز کو بھجوا دیا گیا ہے۔

مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ شہر بھر میں اہم تنصیبات، جوائنٹ چیک پوسٹس، ون ویلنگ کے خلاف قائم پکٹس اور رمضان المبارک کے دوران مساجد، امام بارگاہوں اور اقلیتی عبادت گاہوں کی سکیورٹی مزید مؤثر بنائی جائے۔

تمام ڈویژنل ایس پیز کو چیک پوسٹس اور دیگر سکیورٹی پوائنٹس پر تعینات اہلکاروں کو ہر دو گھنٹے بعد چیک کرنے اور انہیں سیکیورٹی صورتحال سے آگاہ رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

مراسلے کے مطابق اہم سرکاری عمارتوں، نور خان ایئر بیس چکلالہ، پولیس لائنز، اسکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور دیگر تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی کا مسلسل جائزہ لینے اور فورس کو ہائی الرٹ رکھنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ بس اسٹینڈز اور مصروف ٹرانسپورٹ اڈوں پر اضافی نگرانی کے لیے فورس تعینات رکھنے جبکہ تمام پولیس دفاتر، تھانوں اور چوکیوں کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:ہم سب سے پہلے ایران کو ختم کرنا چاہتے ہیں: صدر ٹرمپ

ایس پی اور ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز کو پولیس لائنز کی سیکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے اور ایک افسر کو 24 گھنٹے کے لیے تعینات کرنے کا حکم دیا گیا ہے جو ہر گھنٹے ڈیوٹی چیک کر کے رپورٹ پیش کرے گا۔

مزید برآں رمضان المبارک کے دوران سہولت بازاروں، دسترخوانوں، شاپنگ مالز اور دیگر رش والے مقامات پر بھی مناسب سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مراسلے میں سحری اور افطاری کے بعد ون ویلنگ کی روک تھام کے لیے قائم پکٹس پر تعینات اہلکاروں کو مکمل بریفنگ دینے کی بھی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

ایس پی سیکیورٹی کو ضلع کچہری، نیو جوڈیشل کمپلیکس، انسداد دہشت گردی عدالت اور ہائی کورٹ کی سیکیورٹی کا ذاتی طور پر جائزہ لینے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔