‎زراعت متاثر ہوئی تو غربت اور بیروز گاری میں مزید اضافہ ہو گا، مریم اورنگزیب

Mar 06, 2022 | 12:55:PM
مریم اورنگزیب،فائل فوٹو
کیپشن: مریم اورنگزیب،فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ‎2 سال سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سیلز ٹیکس ری فنڈ کرنے میں ناکام ہے۔

مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹریکٹر اور زرعی آلات بنانے والے یونٹس بند ہونا معیشت کے لیے خطرناک ہے جبکہ تاریخی مہنگائی میں ان یونٹس کے بند ہونے سے مہنگائی میں مزید شدت آئے گی۔انہوں نے کہا کہ ملک کی زراعت اور کسان متاثر ہوں گے جس کی وجہ سے غربت اور بے روزگاری میں مزید اضافہ ہو گا اور ‎ یہ عمران خان کی لائی ترقی کے بھیانک ثمرات ہیں۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ‎2 سال سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سیلز ٹیکس ری فنڈ کرنے میں ناکام ہے اور اگر ‎ریونیو بڑھ گیا ہے تو سیلز ٹیکس ری فنڈز کی ادائیگی 2 سال سے کیوں بند ہے؟

انہوں نے کہا کہ ‎اربوں روپے کے سیلز ٹیکس ری فنڈ نہ ہونا عمران خان کے دعوؤں کی نفی ہے جبکہ ‎ملک میں ٹریکٹر کی قیمت بڑھ جائے گی اور ملک کی فوڈ سکیورٹی متاثر ہو گی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ‎زراعت متاثر ہونے سے خوراک کی قلت اور قیمت دونوں میں اضافہ ہو گا۔ ‎ملک میں مہنگائی مزید بڑھے گی جو پہلے ہی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ دیہاتوں میں مہنگائی شہروں سے زیادہ ہے۔ ‎پیداواری یونٹس سمیت دیگر کو فی الفور سیلز ٹیکس ری فنڈ کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔

 یہ بھی پڑھیں:    لیہ:مسافر وین اور کار میں تصادم، 6افراد جاں بحق10زخمی